اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو یہ آخری جنگ ہوگی شیخ رشید

جنگ ہوئی تو بھارت کی زمین پر گھاس نہیں اگے گی، وزیر ریلوے


ویب ڈیسک August 24, 2019
بھارت میں ہر مسلمان کے گھر سے نعرہ تکبیر بلند ہوگا، شیخ رشید فوٹو: فائل

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ یقین ہے کہ مودی حملہ نہیں کرسکتا اور اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو یہ آخری جنگ ہوگی۔

آزاد کشمیر میں ریلی سے خطاب کے دوران شیخ شید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں 20 دن سےکرفیو نافذ ہے، وہاں نہ تو اشیائے خوردونوش ہے اور نہ ہی ادویات، بھارت نے وادی کشمیر پر قبضہ کرلیا ہے، آج نہ لائن آف کنٹرول ہے اور نہ ہی شملہ معاہدہ، کشمیر پرسلامتی کونسل کی قراردادتو ختم ہوچکی، مودی کے اقدامات سے مقبوضہ کشمیرکا معاملہ دوبارہ اجاگرہوا، ساری دنیا کا میڈیا ہٹلرمودی کےخلاف ہوتا جارہا ہے، سری نگر کی آواز پاکستان کی آوازہوگی۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سینیئر سیاسی کارکن ہوں، واجپائی کے ساتھ مذاکرات میں بھی شامل تھا، میں عسکری نہیں سیاسی ماہر ہوں اور کشمیر کی سیاست مجھ سے زیادہ کوئی نہیں جانتا، سری نگر کی گلی گلی جانتا ہوں، دنیا جان لے کشمیری قوم، فلسطینی اور بوسنیا کی قوم جیسی نہیں۔

شیخ شید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ مذاکرات کے دروازے بند ہوگئے ہیں اور میں اس فیصلے کو سلام پیش کرتا ہوں، 72 سال سے ہماری فوج آج کے دن کیلئے تیار ہوئی ہے، ہمیں دھوکے میں نہیں آنا،ہماری نظر اللہ کی مدد پر لگی ہونی چاہیے، یقین ہے کہ مودی حملہ نہیں کرسکتا، اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو یہ آخری جنگ ہوگی۔ جنگ ہوئی تو بھارت کی زمین پرگھاس نہیں اگے گی۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ اب حل ہونا ہے، وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے کشمیر پر بین الاقوامی پالیسی اپنائی ہے، وہ سمجھتے ہیں کشمیر کا معاملہ ایک 2 ماہ میں آر پار ہوجائے گا۔ جب کہ میں سمجھتا ہوں کہ مارچ تک کا وقت دنیائے سیاست کے لیے بہت اہم ہے اور کشمیر کا معاملہ 5 سے 6 ماہ میں آرپار ہوجائے گا، فیصلے کا وقت آگیا تو بھارت میں ہر مسلمان کے گھر سے نعرہ تکبیر بلند ہوگا۔ چین پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے، ہمیں بھی چین کے ساتھ کھڑا ہونا ہے کیونکہ چین آزمودہ دوست ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں