بھارت نے جنگ مسلط کی تو دلی جا کر ختم کریں گے فردوس عاشق

جنگ بھارت نے شروع کرنی ہے ختم ہم کریں گے، معاون خصوصی

جنگ بھارت نے شروع کرنی ہے ختم ہم کریں گے، معاون خصوصی فوٹو:فائل

SYDNEY:
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو دلی جا کر ختم کریں گے۔

لاہور میں گورنر پنجاب چودھری سرور کے ہمرہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے ساتھ بھائی چارے کا رشتہ نبھاتا رہے گا اور کشمیریوں کی غیرموجودگی میں بھارت سے کوئی بات چیت نہیں کرے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جسم کے ایک حصے میں درد ہو تو پورا جسم محسوس کرتا ہے، اسلام کہتا ہے مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں، وزیراعظم عمران خان باربار دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کی جانب متوجہ کر رہے ہیں، بدقسمتی سے کچھ مسلمان ممالک کشمیر کا زخم محسوس نہیں کر رہے، ان کے اپنے معاشی مفادات ہیں، دنیا اس وقت خواب خرگوش میں مبتلا ہے، انسانی حقوق کے چیمپئن ممالک کو مسلسل کشمیر کی صورتحال باور کرانے کی ضرورت ہے۔


معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے اقوام متحدہ کی 11 قراردادوں کو پاؤں تلے روند دیا، اس کے ساتھ ہمارا کوئی ذاتی جھگڑا نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام بند کرے، بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کو پیغام دیتے ہیں حضور جنگ شروع آپ نے کرنی ہے ختم ہم کریں گے، جنگ ہم پر تھوپی گئی تو نئی دلی میں جا کرجنگ ختم کریں گے، امن کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھا گیا۔

فردوس عاشق نے کہا کہ حکومت سکھوں کا رشتہ انکے مذہبی مقامات سے مضبوط کرے گی، حالات کیسے بھی ہوں حکومت ان کے ساتھ ہو گی، پاکستان سکھوں کے مذہبی حقوق کو تسلیم کرتا ہے، مذہبی مقامات پر آنا ان کا مذہبی، قانونی اور اخلاقی حق ہے، کرتارپورپہنچنا سکھوں کا خواب تھا جسے پورا کر رہے ہیں، لیکن دوسری جانب بھارت سکھوں کو ان کا بنیادی حق دینے سے گریزاں ہے۔

گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ پاکستانی حکومت وعدے کے مطابق کرتار پور بارڈر کو کھولے گی، سکھ برادری کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، پاکستان کی جانب سے کرتار پور پر کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
Load Next Story