بھارت کی کوشش ناکام کشمیریوں کا سرینگر سمیت مختلف شہروں میں زبردست احتجاج

قابض بھارتی فوج نے مظاہرین سیدھی گولیاں چلادیں جس سے ایک خاتون شہید اور درجنوں کشمیری زخمی ہوگئے


ویب ڈیسک August 24, 2019
قابض بھارتی فوج نے مظاہرین سیدھی گولیاں چلادیں جس سے ایک خاتون شہید اور درجنوں کشمیری زخمی ہوگئے ۔ فوٹو : فائل

کشمیریوں نے بھارت کی جانب سے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کی ہر کوشش ناکام بناتے ہوئے سرینگر سمیت مختلف شہروں میں زبردست احتجاج کیا اور پاکستانی پرچم لہرا دیئے جب کہ جھڑپوں میں ایک خاتون شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

کشمیری پاکستانی پرچم تھامے کرفیو کی پابندیاں توڑ کر آج بھی سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کی جانب سے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کی ہر کوشش ناکام بنادی، وادی کا کونا کونا بھارت مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، لاکھوں افراد نے سرینگر سمیت مختلف شہروں میں زبردست احتجاج کیا جب کہ خواتین بھی پیچھے نہ رہیں اور بھارت کے خلاف مظاہروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

قابض بھارتی فوج کو پر امن مظاہرین کا احتجاج برداشت نہ ہوا وہ ان پر ٹوٹ پڑی اور سیدھی گولیاں چلائیں، پیلٹ گنز کا بھی بے دریغ استعمال کیا جس سے ایک خاتون شہید اور درجنوں کشمیری زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق مودی سرکار کی دھمکیوں کے باوجود کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے راہول گاندھی، غلام نبی آزاد اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ آج سری نگر پہنچے تھے تاکہ گرفتار رہنماؤں اور محصور شہریوں سے ملاقات کرسکیں تاہم انہیں ایئرپورٹ پر ہی روک لیا گیا۔

ادھر سینٹرل یونین آف جرنلسٹ کی اپیل پر آزاد کشمیر اور پاکستان کے صحافیوں نے لائن آف کنٹرول کی جانب مارچ شروع کردیا۔ موجودہ صورتحال میں لائن آف کنٹرول کی جانب یہ پہلا مارچ ہے جس میں آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف شہروں کے صحافی شریک ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کو کام نہ کرنے دینے اور اخبارات و نیوز چینلز کی بندش کیخلاف یہ احتجاج کیا جا رہا ہے۔ مظاہرین کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات بھی اپنے ساتھ لے کر چکوٹھی روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ بھارتی فوجی مورچوں کے سامنے دھرنا دیں گے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ انٹرنیشنل ریڈ کراس یہ سامان ایل او سی سے مقبوضہ کشمیر بھیجے جہاں کئی روز کے کرفیو اور مکمل لاک ڈاؤن کیوجہ سے خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہو چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں