صدر مملکت آج آٹھویں ایکسپو پاکستان کا افتتاح کریں گے

نمائش 26 تا 28 ستمبر تجارتی مندوبین کے لیے مخصوص، 29 تاریخ کو عوام آ سکیں گے


Business Reporter September 24, 2013
صدر مملکت ممنون حسین گورنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب میں ایکسپو کا افتتاح کریں گے۔ فوٹو: فائل

آٹھویں ایکسپو پاکستان 2013 کا افتتاح بدھ 25 ستمبر کو کراچی میں ہوگا، اس سال کی ایکسپو شرکا ، اسٹینڈزاور بین الاقوامی خریداروں کی تعداد کے لحاظ سے تاریخ کی سب سے بڑی نمائش ہو گی۔

صدر مملکت ممنون حسین گورنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب میں ایکسپو کا افتتاح کریں گے، 26 سے 28 ستمبر کے دوارن ایکسپو پاکستان مقابی اور بین الاقوامی تجارتی مندوبین کے لیے مخصوص ہوگی جبکہ 29 ستمبر کو عوام ایکسپو میں آ سکیں گے، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے منعقد کی جانے والی ایکسپو میں 550 نمائش کنندگان اور 70 ممالک کے تقریباً1ہزار خریدار شرکت کریں گے، ایکسپو میں امریکا، جاپان، ملائیشیا، ہانگ کانگ، چین، ایران، سنگاپور، سری لنکا، انڈونیشیا، جنوبی کوریا، برازیل، پولینڈ، بنگلہ دیش، لیبیا، چین، جنوبی افریقہ، بحرین، آذربائیجان، افغانستان، مصر، سعودی عرب، ہالینڈ، مراکش اور متحدہ عرب امارات کے نمائش کنندگان اور خریدار شرکت کریں گے۔ ٹریڈ ڈیولپمینٹ اتھارٹی کے مطابق گذشتہ سال کی ایکسپو میں 52ممالک شریک ہوئے تھے اور مفاہمت کی 70 یادداشتوں پر دستخط ہوئے تھے اور 500 ملین امریکی ڈالرز کی مالیت کے تجارتی سودے اور معاہدے ہوئے تھے۔



اس سال کی ایکسپو پر زیادہ بہتر نتائج حاصل ہونے کی امید ہے، ایکسپو کے دوران متعدد سیمینارز بھی منعقد ہوں گے، پاکستان کی اہم ایسوسی ایشنز بھی اپنی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کریں گی، ان میں انجینئرنگ ڈیولپمینٹ بورڈ کی 50 کمپنیاں، ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی 12 کمپنیاں، پاسڈیک کی 15 کمپنیاں، ٹاول مینوفیکچرر ایسوسی ایشن کی 15 کمپنیاں، پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن کی 5 کمپنیاں ، پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی 18 کمپنیاں، سرجیکل انسٹرومینٹ مینوفیکچررز ایسو سی ایشن کی 10 کمپنیاں، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی 10 کمپنیاں، فارما سیوٹیکلز کی 8 کمپنیاں، پاکستان فٹ ویئر ایسوسی ایشن کی 10 کمپنیاں، سمیڈا کی 18 کمپنیاں، آل پاکستان جیمز اینڈ جیولری ایسوسی ایشن کی 30 کمپنیاں، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی 10 کمپنیاں، آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کی 5کمپنیاں اور سندھ بورد آف انوسٹمنٹ کی 6 کمپنیاں شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں