قومی ہاکی ٹیم میں آپریشن کلین اپ شروع 10 کھلاڑیوں کی چھٹی

تربیتی کیمپ سے شکیل عباسی باہر، سلمان اکبر،وسیم ،حسیم خان ودیگرکو بھی واپسی کے پروانے تھما دیے گئے

تجربہ کار کھلاڑیوں کو کیمپ سے نکالنے کا فیصلہ پی ایچ ایف فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ پرکیا گیا۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد قومی ہاکی ٹیم میں آپریشن کلین اپ شروع ہوگیا۔

سابق کپتان شکیل عباسی سمیت ایشیا کپ کھیلنے والے 10کھلاڑیوں کو ناقص کارکردگی کے بعد انٹرنیشنل سپر سیریز اور ایشین چیمپئنز ٹرافی کے تربیتی کیمپ سے باہرکردیا گیا، فرید احمد، محمد زبیر، وقاص شریف، سلمان اکبر، رضوان سینئر، وسیم احمد، عبدالحسیم خان، راشد محمود اور محمد عرفان کو بھی واپسی کے پروانے تھما دیے گئے۔ذرائع کے مطابق تجربہ کار کھلاڑیوں کو کیمپ سے نکالنے کا فیصلہ پی ایچ ایف فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ پرکیا گیا،ارکان نے قومی ٹیم کی ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی کا ذمہ دار سینئرز کو قرار دیا، کھلاڑیوں نے سیمی فائنل میںکوریا کے خلاف شکست کا ذمہ دار موسلادھار بارش کو قرار دیا لیکن کمیٹی نے اس بیان سے اتفاق نہیں کیا۔




ارکان کا موقف تھا کہ اچھا کھلاڑی ہر طرح کے موسمی حالات اور میچ کی صورتحال میں شاندار کھیل پیش کرنے کی اہلیت رکھتا ہے، دراصل پلیئرز نے ناقص کھیل پیش کیا اورگول کرنے کے متعدد سنہری مواقع ضائع کیے۔ ذرائع کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ پر پی ایچ ایف کے اقدامات سے آئندہ چند روز میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔مزید معلوم ہواکہ وسیم احمد ایک بار پھر انٹرنیشنل ہاکی کو خیر باد کہنے کا ذہن بنا چکے لیکن باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا، پی ایچ ایف ان کے اعزاز میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کرے گی جس میں وہ فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

پی ایچ ایف کی طرف سے کیمپ کیلیے منتخب کھلاڑیوں میں عمران شاہ، عمران بٹ، خرم مجید، محمد عمران، محمد عتیق، عامر شہزاد، شفقت رسول، یاسر شبیر، محمد سلمان حسین، مظہر عباس، امین یوسف، محمد خالد، سید کاشف شاہ، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق، محمد فیصل قادر، محمد دلبر، علی شان، محمدعمیر، محمد عمر بھٹہ، زوہیب اشرف، محمد کاشف جاوید، عماد شکیل بٹ، محمد سلمان، محمد ارسلان قادر، احمد زیبر اور ایوب علی شامل ہیں ۔ یاد رہے کہ انٹرنیشنل سپرسیریز آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں17 سے25 اکتوبر تک ہوگی، تیسری ایشین چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد یکم سے 10نومبر تک جاپان میں ہونا ہے، منتخب کھلاڑیوں کو27 ستمبر کے دن نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہورمیں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
Load Next Story