سانحہ پشاور کراچی میں منگل کو بھی یوم سوگ منایا گیا

مظاہرے اور دعائیہ اجتماعات، آج سینٹ پیٹرک چرچ میں بڑی دعائیہ تقریب ہوگی


Staff Reporter September 25, 2013
یوم سوگ کے دوسرے روز مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ فوٹو اے ایف پی/فائل

MULTAN: پشاور کے کوہاٹی گیٹ کے قریب گرجا گھر میں دھماکوں کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں منگل کو دوسرے روز بھی یوم سوگ منایا گیا۔

یوم سوگ کے دوسرے روز مختلف علاقوں میں پرامن احتجاجی مظاہرے کیے گئے جبکہ مختلف گرجا گھروں میں دعائیہ اجتماعات منعقد ہوئے، سانحہ پشاور کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے آج بدھ کو سینٹ پیٹرک چرچ صدر میں ایک بڑی دعائیہ تقریب منعقد کی جائے گی، کراچی پریس کلب پر مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مسیحی برادری کے افراد نے سانحہ پشاور کے خلاف وقفہ وقفہ سے احتجاجی مظاہرے کیے، پریس کلب کے باہر پاکستان پیپلزپارٹی منارٹی ونگ کی جانب سے بھی سانحہ پشاور کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

سینٹ پیٹرک چرچ صدر کے باہر قومی کمیشن برائے امن و انصاف اور مسیحی برادری کی جانب سے سانحہ پشاور کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، سانحہ پشاور کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی کے مختلف گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا گیا سب سے بڑا خصوصی دعائیہ اجتماع ہولی ٹرینٹی چرچ میں ہوا۔



اہلیان لیاری کی جانب سے خواتین کی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پیپلزپارٹی کی رکن سندھ اسمبلی ثانیہ ناز بلوچ نے کی، ریلی فٹبال ہاؤس سے شروع ہوکر سینٹ جوزف چرچ پر اختتام پذیر ہوئی۔

مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کے تحت سانحہ پشاور کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے مسلم لیگ ہاؤس میں اجتماع کا انعقاد کیا گیا، علامہ قاضی احمد نورانی ،علامہ عبدالخالق فریدی، علامہ احسان صدیقی اور دیگر نے کیتھولک چرچ آ ف پاکستان کے بشپ صادق اور دیگر سے ملاقات کی، ان موقع پر انھوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے پیروکاروں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمے داری ہے،پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر سردار نادر اکمل خان لغاری اور جنرل سیکریٹری سندھ و ایم پی اے سید حفیظ الدین نے آرچ بشپ سے چرچ میں ملاقات کی اور پشاور میں مسیحی برادری کی عبادت گاہ پر ہونے والے اندوہناک سانحے پر ان سے تعزیت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں