بچوں کا مستقبل تعلیم سے روشن کرنا کار خیر ہےنسرین جلیل

ڈھاکا گروپ کی نمایاں کامیابی حاصل کرنیوالے طلبا کیلیے تقریب سے مقررین کا خطاب

ڈھاکا گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کے تحت گریجویشن ایوارڈز کی تقریب سے سینیٹر نسرین جلیل جامعہ اردو کے وی سی ڈاکٹر ظفر اقبال، مسز حسینہ رضوی، کلثوم عمران اور حسنین رضوی خطاب کررہے ہیں فوٹو : ایکسپریس

منفی سوچ کو قول و عمل کی مشترکہ کوشش سے روکنا اور غریب بچوں کا مستقبل تعلیم و تربیت کے ذریعے روشن تر بنانا بڑا کار خیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار سینیٹر نسرین جلیل نے ڈھاکا گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے منعقدہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب میں کیا۔




انھوں نے کہا کہ شہر قائد کے نوجوانوں کی رہنمائی و تربیت ہماری ذمے داری ہے،گزشتہ عشروں کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں سے ثابت ہے کہ ڈھاکا گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کی خدمات لائق تحسین ہیں، وفاقی جامعہ اردو کے شیخ الجامعہ ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ مسلسل جدوجہد اور ایمان کی پختگی شامل ہو تو انعامات کا نزول ہوتا ہے میں دلی طور پر تمام اہل علم کی موجودگی میں ڈھاکا گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کی انتظامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔



ڈائریکٹر ڈھاکا گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز سیدہ حسینہ رضوی نے کہا کہ قابل مبارکباد ہیں وہ طلبا جنھوں نے اپنے اساتذہ اور والدین کا سر فخر سے بلند کیا ہے، علم کی شمع کو روشن رکھنا ہم سب کی ذمے داری ہے، تقریب میں پروفیسر سید اظفر رضوی شہید کی تعلیمی خدمات اور زندگی پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔

جسے سامعین نے بے حد سراہا جبکہ نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا کو مہمان خصوصی نے یادگاری شیلڈز دیں، سب سے زیادہ نمبرز حاصل کرنے والے طالبعلم کو سید اظفر رضوی شہید ایوارڈ دیا گیا تقریب میں اساتذہ کو بھی بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دیے گئے۔
Load Next Story