قومی رینکنگ اسنوکر عمران شہزاد سیمی فائنل میں پہنچ گئے

پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ کے تحت1لاکھ65 ہزار روپے مالیت کی تیسری قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ مقامی ہوٹل میں جاری ہے

آصف کو شکست کے باوجود عالمی چیمپئن شپ میں شرکت کا استحقاق حاصل۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

قومی نمبر1اور ٹاپ سیڈ عمران شہزاد عالمی چیمپئن محمد آصف کو شکست دے کرتیسری قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔

انھوں نے عالمی چیمپئن شپ میں شرکت کا حق بھی حاصل کر لیا،آصف کو ایونٹ سے باہر ہونے کے باوجود نومبر میں ہونے والے مقابلوں میں شرکت کا استحقاق حاصل ہوگا، سابق قومی چیمپئن شاہد آفتاب، عبدالستار اورمحمد بلال نے بھی قومی ایونٹ کے فائنل فور میں شمولیت حاصل کرلی،کوارٹر فائنل میں سابق قومی چیمپئن محمد سجاد، خرم آغا حسین اورعامر طارق کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، بدھ کو سیمی فائنل میں عمران شہزاد کا شاہد آفتاب اور محمد بلال کا عبدالستار سے مقابلہ ہوگا،تفصیلات کے مطابق پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے تحت1لاکھ65 ہزار روپے مالیت کی تیسری قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ مقامی ہوٹل میں جاری ہے۔




کوارٹر فائنل میں لاہور سے تعلق رکھنے والے قومی نمبر1عمران شہزاد نے دلچسپ مقابلے کے بعد عالمی چیمپئن فیصل آباد کے محمد آصف کو5-3سے مات دے دی،آصف نے اپنے مضبوط حریف کو قابو کرنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر ٹاپ سیڈ نے بھرپور اعتماد کے ساتھ کھیلتے ہوئے ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والے عالمی چیمپئن کو زیر کرلیا،اس فتح کے بعد عمران شہزاد نے 25 پوائنٹس کے ساتھ قومی برتری ثابت کرتے ہوئے آئی بی ایس ایف عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

27 نومبر سے8 دسمبر تک لٹویا میں شیڈول چیمپئن شپ کے لیے قومی ٹیم کے دوسرے کھلاڑی کا فیصلہ رواں ایونٹ کے اختتام پر پوائنٹس کی بنیاد پر ہوگا، محمدآصف کوعالمی چیمپئن ہونے کے ناطے وائلڈ کارڈ انٹری حاصل ہے،دریں اثنا9 فریمز پرمشتمل کوارٹر فائنل میں سابق قومی چیمپئن شاہد آفتاب (پنجاب) نے عامر طارق کو باآسانی5-1 سے ہرایا،سندھ کے سابق صوبائی چیمپئن عبدالستارنے سابق ایشین نمبر2محمد سجاد کو سخت مقابلے کے بعد5-3سے مات دی، اس مقابلے میںسیڈ4سجاد نے پونے تین گھنٹے تک مزاحمت کی،قومی رینکنگ میں20 ویں پوزیشن کے حامل پنجاب کے محمد بلال نے سابق قومی چیمپئن خرم حسین آغا کوکسی دقت کے بغیر5-1 سے قابو کر کے فائنل فور میں جگہ بنالی، سیمی فائنل مقابلے11 فریمز پر مشتمل ہوں گے۔
Load Next Story