ڈرون حملوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھاؤں گا نواز شریف

اقوام متحدہ میں پاکستان کا نقطہ نظر دنیا کے سامنے رکھیں گے ،عالمی برادری کو تحفظات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔وزیراعظم

ایران سے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں،وزیراعظم کی ایرانی صدر سے گفتگو، فوٹو : اے پی پی

CARDIFF:
وزیراعظم نوازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پیر کو لندن سے نیویارک پہنچ گئے جبکہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کا نقطہ نظر دنیا کے سامنے رکھیں گے ،عالمی برادری کو تحفظات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

لندن میں نیویارک روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نوازشریف نے کہاکہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے قانون سازی کی جائے گی۔ حکومت عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلیے تمام اقدامات کرے گی۔ عوام کے مشورے سے پالیسیاں بنا کر انتخابی منشور میں کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ خوب صورت اور پر امن پاکستان ان کا خواب ہے جس کی تعبیر کیلیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کا نقطہ نظر اور تحفظات دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے جمہوری طریقے سے انتقال اقتدار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔

دریں اثنا وزیراعظم نوازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پیر کو لندن سے نیویارک پہنچ گئے جہاں ان کا جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر مسعودخان سمیت وزیراعظم کے وفد کے اہم ارکان نے استقبال کیا۔وزیراعظم منگل کو نیویارک میں اپنا پہلا مصروف دن گزاریں گے۔ نوازشریف جنرل اسمبلی کے 68 ویں سیشن میں پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف جنرل اسمبلی سے 27 ستمبر کو خطاب کریں گے۔




 

ذرائع کے مطابق نیویارک میں وزیراعظم نواز شریف اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات کل26ستمبر کو ہوگی۔ وزیراعظم نواز شریف بل گیٹس سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ 29 ستمبر کی صبح وزیراعظم نواز شریف کی بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ یہ ملاقات ناشتے کی میز پر ہوگی۔ نیو یارک میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو یقین دلائیں گے کہ اقلیتیوں کے تحفظ کے لیے پر عزم ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا ہے کہ پاکستان پہلے ہی یہ بات واضح کر چکا ہے کہ ڈرون حملوں کے منفی نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ پاکستان ڈرون حملوں کا معاملہ اقوام متحدہ کے مختلف فورموں پر اٹھائے گا۔

انھوں نے توقع ظاہر کی کہ امریکہ عالمی دباؤ کو محسوس کرے گا اور ڈرون حملے بند کر دے گا۔ ایک سوال پر سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ دریں اثنا وزیر اعظم نواز شریف نے نیویارک میں ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اقتصادی تعاون، دوطرفہ تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے۔ نواز شریف نے نیویارک میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے بھی ملاقات کی جس میں پاک ، چین دوستی اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیالات کیا گیا ۔
Load Next Story