کورنگی میں جاری تاریخی گرینڈ آپریشن کے دوران مہران ٹاؤن میں واقع اوورسیز پاکستانیوں کے پلاٹس قابضین سے خالی کرالیے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نے محکمہ انسداد تجاوزات کو تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے جس کی روشنی میں اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ بھرپور کارروائیوں میں مصروف عمل ہے، جاری آپریشن کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی تاریخ میں پہلی بار آج مہران ٹاؤن کورنگی میں سندھ حکومت، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ انتظامیہ کے تعاون سے قائم تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔
کورنگی میں جاری تاریخی گرینڈ آپریشن کے دوران مہران ٹاؤن میں واقع اوورسیز پاکستانیوں کے پلاٹس قابضین سے خالی کرالیے گئے، بڑی تعداد میں پختہ تجاوزات، غیر قانونی شیڈز، حدود سے باہر تعمیرات کا بھی خاتمہ کیا گیا،غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔ گرینڈ آپریشن ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات ڈاکٹر بدر جمیل کی سربراہی میں کیا گیا۔
واضح رہے کہ شاذو نادر ہی کراچی کی تاریخ میں قبضہ مافیا کے خلاف اتنی بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی، آج کی کارروائی سے قابضین کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا تو دوسری طرف کے ڈی اے افسران و ملازمین کے مورال میں یقینی اضافہ ہوا۔
کے ڈی اے کی جانب سے اب تک کی جانے والی کارروائیوں کی مانیٹرنگ بذات خود ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کررہے ہیں،اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے ڈاکٹر بدر جمیل نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ وقتی ضرورت کے باعث افرادی و مشینری قوت کا تبادلہ کیا جاتا ہے تاکہ قبضہ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے،کے ڈی اے اراضیوں پر قابضین کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس ادارہ ترقیات کو قابضین کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈوں اور مزاحمت کا سامنا رہا لیکن ان تمام تر صورتحال کے باوجود مسلسل پیش قدمی کی گئی جس کے باعث80فیصد سے زائد اراضی جن میں کھیل کے میدان، پارکس، رفاہی پلاٹس پر قائم غیر قانونی تعمیرات و شادی ہالز کو مسمار کرکے اصل حالت میں لایا گیا۔ سال 2019 کے دوران کے ڈی اے اراضیوں سے قبضہ مافیا کا مکمل خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، رواں برس کے اختتام تک 100 فیصد تجاوزات سے چھٹکارا حاصل کرلیا جائے گا۔