فخر عالم پروڈیوسرز کو تنخواہیں نہ دینے والے چینل کے خلاف میدان میں آگئے

پیسوں کی ادائیگیاں نہ کرنے والے چینلز کو منظر عام پر لایا جائے گا، فخر عالم

پیسوں کی ادائیگیاں نہ کرنے والے چینلز کو منظر عام پر لایا جائے گا، فخر عالم (فوٹو: فائل)

نیشنل ایوارڈ یافتہ گلوکار و اداکار فخر عالم پروڈیوسرز کو تنخواہیں نہ دینے والے چینل کے خلاف میدان میں آگئے۔

فخر عالم حال ہی میں یونائیٹڈ پروڈیوسر ایسوسی ایشن ( یو پی اے) کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں اور ضمن میں انہوں نے پروڈیوسرز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین منتخب ہونے کے بعد جائزہ لیا گیا تو اندازہ ہوا کہ یہاں کے حالات بہت خراب ہیں، اس میں صرف یہ وجہ نہیں ہے کہ حکومت اشتہارات نہیں دے رہی بلکہ تمام انڈسٹری اس وقت معاشی مسائل کی وجہ سے دو چار ہے۔


فخر عالم نے یہ بھی کہا کہ ہمارا سب سے بڑا چیلنج پیسوں کی وصولی اور وقت پر پیسے ادا کرنا ہے کیوں کہ اس وقت دو ارب 90 کروڑ روپے واجب الادا ہیں اور نہ جانے کتنی وصولی باقی ہے لیکن یہ بھی نا انصافی ہے کہ چینل مالکان نئی گاڑیاں، نئے گھر خرید رہے ہیں اور چھٹیاں منانے نئی نئی جگہوں پر جا رہے ہیں اور دوسری جانب پروڈیوسرز واجبات کی وجہ سے پریشان ہو رہے کہ بچوں کی فیس اور گھر کا خرچہ کیسے پورا کریں؟

اداکار نے یہ بھی کہا کہ کئی چینلز اچھے ہیں لیکن کچھ چینلز پیسوں کے معاملے میں بہت بُرے ہیں جنہوں نے دو ڈھائی سال سے پروڈیوسر کو پیسوں کی ادائیگیاں نہیں کیں، ایسے چینلز کو منظر عام پر لایا جائے گا کیوں کہ یہ چینلز دو سال پرانے پیسے بھی موجودہ صورتحال کی آڑ میں ادا نہیں کر رہے۔

فخر عالم نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری کی بہتری کے لیے ایک پلیٹ فارم بنایا جائے جس میں میڈیا کے مختلف شعبہ جات سے تعلق کھنے والے شخص شامل ہوں کیوں کہ ہم سب ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اس ضمن میں ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
Load Next Story