گاندھی جی بھارت سے کانگریس کا خاتمہ چاہتے تھے نریندر مودی

عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے بھارت سے کانگریس کا صفایا کردیا جائے گا، نریندر مودی


ویب ڈیسک September 25, 2013
عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے بھارت سے کانگریس کا صفایا کردیا جائے گا، نریندر مودی فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے آئندہ وزارت عظمیٰ کے لئے نامزد نریندر مودی کا کہنا ہے کہ مہاتما گاندھی بھارت سے کانگریس کا خاتمہ چاہتے تھے ان کی خواہش بے جے پی پورا کرے گی۔

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں ریاستی انتخابی مہم کے دوران پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران نریندر مودی کا کہنا تھا کہ اس ملک میں ہر کوئی مہاتما گاندھی کے افکار اور ان کی سوچ کی بات کرتا ہے، انہوں نے اپنی زندگی میں آخری ایام میں ایک خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ بھارت سے کانگریس کا خاتمہ چاہتے ہیں، جس کو اب تک کسی نے بھی پورا نہیں کیا لیکن اب ان کی یہ خواہش بے جے پی پوری کرے گی، آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے بھارت سے کانگریس کا صفایا کردیا جائے گا اور اس لئے بی جے پی کے کارکن اور عوام ان کا ساتھ دیں۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس جو کام 50 برسوں میں نہ کرسکی وہ بی جے پی نے 10 سال میں کردکھایا ، اس لئے اب وقت آگیا ہے کہ مدھیہ پردیش کی طرح ملک کے دیگر حصوں سے بھی کانگریس کا صفایا کردیا جائے اور مہاتما گاندھی کی آخری خواہش کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

واضح رہے کہ نریندر مودی کو بی جے پی کی جانب سے آئندہ عام انتخابات میں وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے مگر گجرات فسادات کے باعث ان کی اپنی پارٹی کے کئی رہنما ان کے خلاف ہیں اور مدھیہ پردیش میں کامیابی سے پارٹی میں ان کی مخالفت ختم ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں