عمدہ کارکردگی کا عزم قومی کرکٹرز صلاحیتیں نکھارنے کیلیے سرگرم

مہارت میں بہتری کیلیے مشقوں کا آغاز،بارش کی وجہ سے انڈور پریکٹس، مصباح رہنمائی کرتے رہے،حسن علی کا فٹنس ٹیسٹ

مہارت میں بہتری کیلیے مشقوں کا آغاز،بارش کی وجہ سے انڈور پریکٹس، مصباح رہنمائی کرتے رہے،حسن علی کا فٹنس ٹیسٹ۔ فوٹو: فائل

مستقبل کے ایونٹس میں عمدہ کارکردگی کا عزم لیے قومی کرکٹرز صلاحیتیں نکھارنے کیلیے سرگرم ہوگئے جب کہ مہارت میں بہتری کیلیے مشقوں کا آغاز کردیا۔

آئندہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میچز کی تیاری کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری 17روزہ پری سیزن کیمپ کا آغاز 22اگست کو ہوا تھا، ابتدائی2 روز فٹنس ٹیسٹ لیے گئے،اس کے بعد کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھرپور توجہ دی گئی۔

جم ٹریننگ اور مختلف ڈرلز کے ذریعے جسمانی استعداد بہتر بنانے پرکام ہوا،اس دوران حسن علی کی تقریب نکاح میں شرکت کیلیے دبئی جانے والے شاداب خان اور کاؤنٹی مصروفیات ختم کرکے اظہر علی بھی واپس آگئے۔

پیر کی شام حسن علی نے بھی کیمپ میں رپورٹ کردی،گذشتہ روز ان کا فٹنس ٹیسٹ لیا گیا، تمام کرکٹرز نے کیمپ کمانڈنٹ مصباح الحق کی زیرنگرانی مہارت میں بہتری لانے کیلیے مشقوں کا آغاز کردیا،دوپہر کوبارش کی وجہ سے قذافی اسٹیڈیم میں فیلڈنگ ڈرلز اور نیٹ پریکٹس ممکن نہ ہوسکی،اس صورتحال میں کھلاڑیوں کو انڈور سیشن کرنا پڑا۔


مصباح نے کھلاڑیوں کو مختصر لیکچر میں ٹریننگ کے مقاصد سے آگاہ کیا، بعد ازاں نیٹ میں ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں اظہر علی، شان مسعود اور امام الحق نے تیز بولنگ کا سامنا کرتے ہوئے صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھی۔ ان کو تواتر کے ساتھ آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیندیں کرائی گئیں۔

مصباح نے دفاعی اسٹروکس چیک کرتے ہوئے خامیوں سے آگاہ کیا،سرفراز احمد نے بھی طویل سیشن میں اپنی بیٹنگ فارم کو بحال کرنے کی کوشش جاری رکھی، اسد شفیق، حارث سہیل اور عابد علی کو مصباح الحق نے ہاتھ کے اشارے سے بیٹ کی درست پوزیشن بتائی۔

تینوں نے فاسٹ کے بعد اسپن بولنگ کا بھی سامنا کرتے ہوئے تکنیک بہتر بنائی، سابق کپتان بڑی باریک بینی سے ان کی بیٹنگ دیکھتے رہے، آصف علی نے نیٹ میں طویل سیشن کیا، بعد ازاں ٹیل اینڈرز شاداب خان نے بھی بیٹنگ میں صلاحیتیں بہتر بنانے کیلیے کام کیا۔

پیسرز وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری اور حسن علی نے بھرپور رفتار سے بولنگ کرتے ہوئے بیٹسمینوں کیلیے پریشانیاں پیدا کرنے کی کوشش کی،راحت علی اور میر حمزہ بھی خود کو ٹیسٹ کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے نظر آئے، اچھی لائن اور لینتھ پر بولرز کیمپ کمانڈنٹ مصباح الحق سے داد بھی وصول کرتے رہے۔

اسپنرز یاسر شاہ، شاداب خان، بلال آصف اور ظفر گوہر نے مشقوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بیٹسمینوں کو گھومتی گیندوں سے پریشان کرنا چاہا لیکن مصنوعی ٹرف پر بولنگ کے سبب ان کو اسپن حاصل کرنے میں دشواری ہوئی، یاسر شاہ دیگر بولرز کی رہنمائی بھی کرتے رہے۔
Load Next Story