ٹویوٹا نے آٹو وینڈر اندسٹری میں بھی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا

حکومت کا بنیادی مقصد ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی ہے جس سے سرمایہ کاری خودبخود ملک میں آئے گی۔

وفاقی وزیر صنعت وپیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی اسلام آباد میں صدر ٹویوٹاموٹر کارپوریشن ایشیا پیسیفک کے تاناڈا کی قیادت میں آنے والے ٹویوٹا موٹرز کے وفد سے بات چیت کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

جاپانی کمپنی ٹویوٹا موڑز کے وفد نے صدر ٹویوٹاموٹر کارپوریشن ایشیا پیسیفک کے تاناڈا کی قیادت میں بدھ کو وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور پاکستان میں کمپنی کے آٹووینڈرانڈسٹری میں سرمایہ کاری کے منصوبے اور کارانجینئرنگ میں پاکستانی افرادی قوت کو تکنیکی تربیتی پروگرام سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر صنعت وپیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا کہ نئی آٹوانڈسٹریز ڈیولپمنٹ پالیسی (اے آئی ڈی پی) نومبر میں کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کردی جائے گی، نئی پالیسی ملک میں آٹومینوفیکچررز کے لیے سمت کا تعین کرے گی۔ ٹویوٹا موٹرز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے واضح ویژن کے لیے آٹو سیکٹر کا طویل انتظار جلد ختم ہونے والا ہے اور اب وہ بھرپور اعتماد کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت آٹوموبائل سیکٹر کے لیے تسلسل پر مبنی طویل مدتی پالیسی چاہتی ہے جس سے سرمایہ کاری کا اعتماد بحال ہوگا اور ملک میں گاڑیوں کی پیداوار کی حوصلہ افزائی ہوگی۔




ان کا کہنا تھا کہ تمام اسٹک ہولڈرز کے تحفظات پرغور اور ان کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی ایکشن پلان سودمند ثابت نہیں ہوسکتا، اسی لیے اے آئی ڈی پیII کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز سے ایک بار پھر مشاورت کی جائے گی اور ان کی صنعت، صارفین و حکومت کے لیے مفید مثبت تجاویز کو حتمی مسودے میں شامل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی ہے جس سے سرمایہ کاری خودبخود ملک میں آئے گی۔

انھوں نے آٹو انڈسٹری پر زور دیا کہ وہ بڑھتی ہوئی مڈل کلاس کی ضروریات کو مدنظررکھتے ہوئے مارکیٹ میں نئی اور سستی گاڑیاں متعارف کرائے۔ انھوں نے ملک میں ماحول دوست اور فیول ایفیشنٹ گاڑیاں متعارف کرانے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر کے تاناڈا نے کہا کہ ان کی کمپنی کا فلسفہ نہ صرف معیشت بلکہ متعلقہ ملک کے معاشرے کو بھی خدمات فراہم کرنا ہے، ٹویوٹا ہر سال کارانجینئرنگ میں پاکستانی افرادی قوت کو تکنیکی تربیتی کورسز کراتی ہے تاکہ پاکستان کی ورک فورس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو فروغ دیا جاسکے۔ انھوں نے بتایاکہ ٹویوٹا پاکستان کی آٹو وینڈر انڈسٹری میں بھی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
Load Next Story