صدرمملکت نے ایکسپوپاکستان2013کاافتتاح کردیا

آج سے ایکسپوسینٹرکراچی میں550 نمائش کنندگان اپنی مصنوعات پیش کریں گے


Business Reporter September 26, 2013
ایکسپو سینٹر کراچی کے 6ہالز میں ہونے والی اس نمائش میں 70ملکوں کے ایک ہزار سے زائد غیرملکی خریدار شرکت کریں گے. فوٹو: ایکسپریس

ملکی تاریخ کی سب سے بڑی تجارتی نمائش کا افتتاح ہو گیا، صدر مملکت ممنون حسین نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں ایکسپو پاکستان 2013 کا باضابطہ افتتاح کیا۔

ایکسپو سینٹر کراچی کے 6ہالز میں ہونے والی اس نمائش میں 70ملکوں کے ایک ہزار سے زائد غیرملکی خریدار شرکت کریں گے جبکہ 550سے زائد نمائش کنندگان اپنی مصنوعات پیش کریں گے، نمائش کے پہلے 3 روز 26سے 28ستمبر تک تجارتی مندوبین کے لیے مخصوص ہیں جبکہ نمائش کے آخری روز ایکسپو سینٹر کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔



نمائش میں غیرملکی شرکا کی حفاظت کے لیے خصوصی سیکیوریٹی انتظامات کیے گئے ہیں، ایکسپو میں ریاست ہائے متحدہ امریکا، جاپان، ملائیشیا، ہانگ کانگ، چین، ایران، سنگاپور، سری لنکا، انڈونیشیا، جنوبی کوریا، برازیل، پولینڈ، بنگلہ دیش، لیبیا، چین، جنوبی افریقہ، بحرین، آذربائیجان، افغانستان، مصر، سعودی عرب، ہالینڈ، مراکش اور متحدہ عرب امارات کے نمائش کنندگان اور خریدار شرکت کریں گے۔



سال 2005 سے سالانہ بنیادوں پر ہونے والی ایکسپو پاکستانی بر آمد کنندگان کو بین الاقوامی خریداروں کے سامنے اپنی مصنوعات اور سروسز کی نمائش کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے جس کی بدولت طویل المیعاد رابطے قائم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

ٹریڈ ڈیولپمینٹ اتھارٹی کے مطابق گزشتہ سال کی ایکسپو میں 52ممالک شریک ہوئے تھے، مفاہمت کی 70 یادداشتوں پر دستخط تھے اور 500 ملین ڈالر کے تجارتی سودے و معاہدے ہوئے تھے، اس ایکسپو میں زیادہ بہتر نتائج حاصل ہونے کی امید ہے، ایکسپو کے دوران متعدد سیمینارز بھی منعقد ہوں گے جن میں نمائش کنندگان کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں