وائن شاپ کے مالک سے ماہانہ ایک لاکھ بھتہ مانگ لیاگیا

گینگ وار کے ملزمان نے وائن شاپ کے مالک کو5لاکھ روپے ایڈ وانس دینے کو بھی کہا۔


Staff Reporter September 26, 2013
پولیس کوبھی 3ماہ قبل اطلاع کر دی تھی، کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی، دکان انتظامیہ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لیاری گینگ وار کے ملزمان نے لانڈھی مرتضیٰ چورنگی کے قریب واقع وائن شاپ کے مالک سے5لاکھ روپے ایڈ وانس اور ایک لاکھ روپے سے زائد ماہانہ بھتے کا مطالبہ کیا ہے 24گھنٹے میں رقم نہ دینے کی صورت میں دکان پر کام کرنے والوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔

پولیس کو3ماہ قبل اطلاع کر دی تھی تاہم کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی، ذرائع کے مطابق لانڈھی اﷲ داد گوٹھ کے قریب مرتضیٰ چورنگی سے کچھ فاصلے پر واقع وائن شاپ کے مالک سے لیاری گینگ وار ملیر آنسو گوٹھ کے کمانڈر سہیل ڈا ڈا نے5لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کیا ہے، یہ بات پولیس وائن شاپ کے قریب واقع دکاندار نے ایکسپریس کو بتائی، انھوں نے بتایا کہ وائن شاپ ایک صوبائی وزیر کی ہے، 3ماہ قبل سہیل ڈا ڈا نے10لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کیا تھا اور اپنا ایک موبائل فون نمبر دکان پر بھجوایا تھا کہ فوری طور اسے فون کر کے بتایا جائے کہ بھتے کی رقم کب دے جائے گی دو دن تک فون نہ آنے پر سہیل ڈا ڈا کے کارندے موٹر سائیکلوں پر آئے اور دکان کے باہر ایک دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے، دستی بم دکان کے باہر ریت کے ڈھیر میں گرا اور معجزانہ طور پر پھٹ نہیں سکا۔



دستی بم پھینکے جانے کی اطلاع پر علاقہ پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ کے عملہ بھی موقع پر پہنچا تھا، پولیس نے وائن شاپ کے منیجر اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا ، مقدمہ درج کیے جانے کے باوجود ملزمان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی، 5روز قبل سہیل ڈا ڈا کے کارندے دوبارہ وائن شاپ پر آئے اور وہاں کام کرنے والے رانجھا اور علی نواز سمیت تین افراد پر تیزاب پھینک کر فرار ہو گئے جس وہ جھلس کر زخمی ہو گئے، زخمی ہونے والے علی نواز کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سہیل ڈا ڈا نے منگل کو وائن شاپ کے منیجر کو اپنے موبائل فون نمبر0315-2714521سے فون کر کے کہا کہ24گھنٹے کے اندر5لاکھ روپے ایڈوانس اور 30 ہزار روپے ہفتے کے حساب سے پیسے نہیں بھجوائے تو وائن شاپ پر کام کرنے والوں کو مار دیا جائے گا اور اگر اس کے باوجود رقم نہیں دی گئی تو وائن شاپ کو بم سے اڑا دیں گے، منیجر نے سہیل ڈا ڈا سے بھتے کی رقم میں کمی کرنے کو کہا تو اس نے اول فول بکنے کے بعد فون بند کر دیا، وائن شاپ پر کام کرنے والوں نے کام کرنے سے انکار کر دیا جس کے باعث منگل سے وائن شاپ بند کر دی گئی، وائن شاپ کے مالک نے علاقہ پولیس سے رابطہ کیا تو انھوں نے کھا کہ بھتہ خوروں کو رقم دینے کے لیے دکان پر بلا لو جب وہ آجائیں تو ہمیں اطلاع کر دینا ہم وہاں پہنچ کر انھیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں