پسند کی شادی نے2نوجوان بھائیوں کی جان لے لی2افراد شدید زخمی

لڑکی واپس نہ کرنے پر جدید اسلحے سے مسلح 15 افراد نے گوٹھ شہید زرداری پر دھاوا بول دیا۔

ملزمان نے فائرنگ کرکے گہری نیند سوئے 2 سگے بھائیوں 30 سالہ مراد اور 18 سالہ قربان بروہی کو قتل کر دیا۔

پسند کی شادی نے 2 سگے بھائیوں کی زندگی کے چراغ گل کر دیے، 2 شدید زخمی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کڈھر پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع گوٹھ شہید زرداری میں ایک درجن سے زائد نامعلوم مسلح ملزمان نے محمد الیاس بروہی کے گھر پر حملہ کر دیا اور جدید اسلحے سے فائرنگ کرکے گہری نیند سوئے 2 سگے بھائیوں 30 سالہ مراد اور 18 سالہ قربان بروہی کو قتل کر دیا ، فائرنگ سے عبدالواحد بروہی اور شاہ نواز بروہی شدید زحمی ہوگئے، واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے زخمی ہونے والے دونوں بھائیوں کو گوٹھ کے مکینوں نے پیپلز میڈیکل کالج اسپتال نواب شاہ پہنچایا جہاں شاہ نواز بروہی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔




اسپتال میں داخل زخمی عبدالواحد بروہی نے پولیس کو بتایا کہ حملہ کرنے والوں میں فیض محمد، عبدالوہاب، اللہ بخش، میر حسن، علی حسن، میر احمد اور دیگر شامل تھے ملزمان کی تعداد 10 سے 15 تھی۔ کڈھر پولیس کے مطابق مقتولین کا بھائی حیات بروہی اپنی برادری کی شادی شدہ خاتون گلناز سے پسند کی شادی کرکے فرار ہوگیا تھا جس کے بعد مخالفین نے مقتولین کے خاندان کے 4 افراد کو اغوا کر لیا تھا، علاقہ معززین کی مداخلت کے باعث انھیں رہا کر دیا گیا، تاہم انھوں نے دھمکی دی کہ اغوا کی گئی لڑکی واپس نہ کی گئی تو حملہ کرینگے جس پرگزشتہ شب یہ واقعہ پیش آگیا، کڈھر پولیس نے مقتولین کی لاشیں تحویل میں لے کر پی ایم سی اسپتال سے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔
Load Next Story