چیمپئنز لیگ نیل بروم کے لاٹھی چارج پر اوٹاگو وولٹس جھوم اٹھی

ناقابل شکست سنچری جڑکرپرتھ اسکورچرزپر 62 رنز سے فتح دلائی، راجستھان بھی کامیاب


Sports Desk September 26, 2013
چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 میں اوٹاگو وولٹس کے اوپنر نیل بروم کا آف سائیڈ کی جانب اسٹروک، پرتھ اسکورچرز کیخلاف انھوں نے صرف 56 گیندوں پر 117 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ فوٹو: سی ایل ٹی 20

KARACHI: چیمپئنزلیگ میں نیل بروم کے لاٹھی چارج پر اوٹاگو وولٹس جھوم اٹھی، اوپنر نے ناقابل شکست سنچری جڑ کر ٹیم کو پرتھ اسکورچرز پر 62 رنز سے فتح دلائی، ہلٹن کارٹ رائٹ کی ففٹی کسی کام نہیں آئی۔

دوسرے میچ میں راجستھان نے اپنے ہوم گرائونڈ پر ہائی ویلڈ لائنز کو30 رنز سے ڈھیر کردیا، سہیل تنویر صرف ایک وکٹ لے پائے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو پہلے میچ میں اوٹاگووولٹس نے 4 وکٹ پر 242 رنز بنائے، یہ اب تک ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے، اس میں سب سے زیادہ حصہ نیل بروم کا تھا جنھوں نے 56 بالز پر ناٹ آئوٹ 117 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز 8 چھکوں اور 9 چوکوں سے مزین تھی، ریان ٹین ڈوئچے نے بھی 28 بالز پر 66 رنز اسکور کیے، جوئیل پیرس نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں پرتھ اسکورچرز 6 وکٹ پر 180 رنز بنا پائے، کارٹ رائٹ نے ناٹ آئوٹ 68 رنز اسکور کیے، ای ین بٹلر نے تین وکٹیں لیں۔



دوسرے میچ میں راجستھان رائلز نے 5 وکٹ پر 183 رنز اسکور کیے، بریڈ ہوج 46 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، اسٹورٹ بنی نے 38 اور شین واٹسن نے 33 رنز بنائے، کپتان راہول ڈریوڈ نے بھی 31 رنز کا حصہ ڈالا۔ لونوابوٹسوبے اور ڈیوائن پریٹوریس نے 2،2 وکٹیں لیں،ایونٹ میں شریک واحد پاکستانی سہیل تنویر نے صرف ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں ہائی ویلڈ لائنز نے 9 وکٹ پر 153 رنز اسکور کیے، الویرو پیٹرسن 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سہیل تنویر صفر پر آئوٹ ہوگئے۔ پریون ٹیمبے نے 15رنز دے کر 4 جبکہ وکرم جیت ملک اور جیمز فالکنر نے2،2 وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں