فنکاروں کا بھی کشمیریوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی
نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے وزیراعظم عمران خان اورمظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ اس وقت ہم ایک ساتھ امن کی دعا کرتے ہیں اور پُر امید ہیں۔
اداکار فیصل قریشی اور اعجاز اسلم بھی کشمیریوں کے لیے نکلے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
اداکار عدنان صدیقی اوربلال اشرف نے بھی تصاویر شیئر کیں اوربتایا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔
گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ وہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لبرٹی چوک جارہی ہیں۔ انہوں نے تمام لوگوں سے درخواست کی کہ وہ سب ان کا ساتھ دینے کے لیے لبرٹی چوک آئیں۔
[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/B1xzciMgtxJ/"]
واضح رہے کہ شوبز کے تمام فنکار گزشتہ روز سے ہی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پیغامات جاری کررہے ہیں۔
اداکار ہمایوں سعید نے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ بد قسمتی سے میں اس وقت ملک میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے کشمیر آور میں حصہ نہیں لے سکوں گا لیکن میں کہیں بھی ہوں میری حمایت ہمیشہ سے کشمیر کے ساتھ ہے۔
ادکار شان نے بھی وزیراعظم کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئےکہا تھا کہ ان کی بھرپور حمایت کشمیر کے ساتھ ہے اور وہ بھی مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نکلیں گے۔
گلوکار شہزاد رائے نے گزشتہ روز ہی ٹوئٹر پر تمام لوگوں کو آگاہ کردیاتھا کہ وہ آج کراچی میں ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول کی 2500 طالبات کے ساتھ باہر نکلیں گے اور کشمیر آور منائیں گے۔
گلوکار فخرعالم نے کہا تھا دنیا کو یاد دلائیں کہ ہمیں انسانی تکالیف کے دوران خاموش نہیں رہنا چاہئے۔