وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسفزئی تمام پاکستانیوں کی بیٹیوں کی طرح میری بھی بیٹی ہے اور پوری قوم ملالہ یوسفزئی کے پاکستان آنے کی منتظر ہے، ملالہ کو پاکستام میں تعلیم کا سفیر بنایا جائے گا۔
نیو یارک میں سابق برطانوی وزیر اعظم گورڈن براون کی سربراہی میں پاکستان میں تعلیم سے متعلق ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ ملالہ یوسفزئی کی پاکستان واپسی کے منتظر ہیں، ملالہ کو پاکستان میں تعلیم کا سفیر بنایا جائے گا۔ نواز شریف کا کہناتھا کہ اکیسویں صدی میں تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں، پاکستان میں اسکول میں داخل ہونے والا ہر بچہ تعلیم حاصل کرے گا، ملک سے اسکول چھوڑنے کی وجوہات کا خاتمہ کر دیں گے اور5 سال میں تعلیم کا بجٹ 2گنا کر دیں گے۔
وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں یکساں نصاب تعلیم کے لئے ٹھوس اقدامات شروع کر دیئے ہیں، ملک سے ناخواندگی اور جہالت کے خاتمے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں معیشت کی بحالی کے لئے اصلاحات کر رہے ہیں۔ اس موقع پر نواز شریف اور ملالہ یوسفزئی کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔
ملالہ یوسفزئی کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تعلیم ہر مسئلے کا حل ہے، جنگ کو جنگ سے ختم نہیں کیا جا سکتا، ہمیں ہتھیاروں کے بجائے کتاب کا رستہ اختیار کرنا چاہیئے، پاکستان کے تعلیمی بجٹ میں 4 فیصد اضافہ خوش آئند ہے لیکن اس میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔