بغیرسنسر فلم دکھا نے پر سنیماؤں اور ڈسٹری بیوٹرز کو نوٹس جاری

بغیر سنسر دکھائی جانے والی فلموں میں 3 پشتو اور ایک پنجابی فلم شامل ہے، چیئرمین سنسر بورڈ سندھ


ویب ڈیسک August 29, 2019
بغیر سنسر دکھائی جانے والی فلموں میں 3 پشتو اور ایک پنجابی فلم شامل ہے، چیئرمین سنسر بورڈ

سنسر بورڈ نے بغیر سنسر فلمیں دکھائے جانے پر سنیماؤں اور ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے قانونی نوٹس جاری کردیئے۔

رواں ماہ عید الاضحی کے موقع پر پرے ہٹ لو اور سپر اسٹار جیسی فلمیں ریلیز کی گئیں تاہم اس دوران سندھ میں تین پشتو اور ایک پنجابی فلم بغیر سنسر کے سنیما گھروں میں دکھائی گئی جس پر سنسر بورڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سنیماؤں اور ڈسٹری بیوٹرز کو قانونی نوٹس جاری کردیئے۔

اس حوالے سے چیئرمین سندھ سنسر بورڈ خالد بن شاہین کا کہنا ہے کہ عید کے دوران مجھے بتایا گیا کہ چار فلمیں بغیر سنسر کے سنیماؤں میں دکھائی جا رہی ہیں جب اس بارے میں مکمل حقائق ہمارے علم میں آئے تو ہم نے فوری طور پر ان سب کو قانونی نوٹس جاری کئے۔

چیئرمین سندھ سنسر بورڈ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر سنیما مالکان کو سخت تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ آئندہ مالکان اس قسم کی کارروائی کے مرتکب پا ئے گئے تو ان کے سینماؤں کو سربمہر اور ڈسٹری بیوٹرز کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ادارہ قوائد و ضوابط کے تحت کام کر رہا ہے جس کا کام سنیما گھروں میں فلموں کو نمائش سے قبل مانیٹر کرنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں