پرامن انتقال اقتدارسے جمہوریت کو استحکام ملا صدرممنون حسین

حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کے سبب معیشت اب مستحکم ہورہی ہے


Staff Reporter September 26, 2013
غیرملکی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، کراچی میں تجارتی نمائش کے افتتاح پر خطاب فوٹو: فائل

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں پرامن انتقال اقتدار کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد جمہوریت کو استحکام حاصل ہوا ہے۔

حکومت تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کو ترجیح دے رہی ہے۔ پاکستان اپنے محل وقوع کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے اور یہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں حکومت انہیں ہر ممکن تحفظ اور مراعات فراہم کرے گی۔ ایکسپو پاکستان نمائش کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کی مصنوعات متعارف ہونگی اور یہ نمائش ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گی۔ وہ بدھ کو گورنر ہائوس میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے تحت ملک کی سب سے بڑی تجارتی نمائش8 ویں ایکسپو پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔



اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر مملکت برائے تجارت انجینئرخرم دستگیر خان، ٹی ڈی پی اے کی قائم مقام سی ای او رابعہ جویری آغا بھی موجود تھیں۔ صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث ملکی معیشت کو کافی نقصان پہنچا ہے تاہم حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کے سبب اب معیشت مستحکم ہورہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت ملک میں معیشت کے استحکام کے لئے قلیل ، درمیانی اور طویل المدت پالیسیاں مرتب کررہی ہے اور ان پالیسیوں کے سبب ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہورہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کے استحکام کے لیے دنیا کے مختلف ممالک سے تجارتی معاہدے کررہی ہے۔ ان معاہدوں سے نہ صرف ملک میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔