کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری بھتہ خوروں سمیت 128 افراد گرفتار

پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مارکارروائیاں اورٹارگٹڈ آپریشن کیے


Staff Reporter September 26, 2013
رینجرز کی پنجابی کلب جماعت خانہ روڈ ،ڈیفنس کھڈا مارکیٹ میں اسنیپ چیکنگ،5 اشتہاری ،ایک مفرور ملزم گرفتار۔ فوٹو: فائل

پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں اور ٹارگٹڈ آپرینشز کے دوران ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں سمیت128 ملزمان کو گرفتارکر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ۔

بدھ کوبھی جرائم پیشہ کیخلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہا ،ایسٹ زون پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے62ملزمان کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے7 پستول،ایک رائفل،موبائل فون، ہائی روف، منشیات اور شراب کی بوتلیں برآمدکرلیں، ڈی آئی جی ایسٹ منیراحمد شیخ کے مطابق گرفتارملزمان میں32 مفروراوراشتہاری ملزمان اور7مشتبہ افراد بھی شامل ہیں، سائوتھ زون پولیس نے28 ملزمان کوگرفتارکرکے5 پستول،نقد رقم اور موبائل فونزبرآمد کرلیے گئے، ایس ایس پی سائوتھ منیراحمد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک بھتہ خور،ایک مشکوک اور17مفرور ملزمان شامل ہیں، ڈی ایس پی سمن آباد الطاف حسین کے مطابق سمن آباد پولیس نے5 اشتہاری اورایک مفرور ملزم کو گرفتار کیا۔



ویسٹ پولیس نے کٹی پہاڑی کے قریب پولیس مقابلے میں5 ملزمان کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، اسٹیل ٹائون پولیس نے2 مفرور بھائیوں عبدالقادر اور منصورعلی کے علاوہ لوٹ مار میں ملوث جانی عرف بھٹائی کوگرفتارکرلیا، ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران مختلف علاقوں جن میں گلشن اقبال ملینیم مال ، پرانی سبزی منڈی ، پھول پتی لین ،کھارادر، ضیاء کالونی ، سیکٹر8 ، راجہ تنویر کالونی ، بلدیہ ٹائون،جمشید روڈ ، صنوبر ہائٹس ، میٹروول، نور محمد گوٹھ،کھوکھراپار ، علی بروہی گوٹھ میں سرچ آپریشن کیا اور تمام مشتبہ مقامات کی تلاشی لی اس موقع پررینجرز کے خصوصی دستے اورسراغ رساں کتوں کے ساتھ لیڈی سرچر بھی موجود تھیں۔

دوسری جانب رینجرز نے پنجابی کلب جماعت خانہ روڈ اور ڈیفنس کھڈا مارکیٹ میں اسنیپ چیکنگ بھی کی۔علاوہ ازیں سی آئی ڈی آپریشن سول لائن پولیس نے کورنگی کراسنگ کے قریب پولیس مقابلے کے نتیجے میں 3 ملزمان احمد خان عرف منا ، شاہ زیب خان ، زبیر ایوب عرف زوبی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اور2 ٹی ٹی پستول برآمد کر لی ہے ، سی آئی ڈی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے شوکت چاند گروپ سے ہے۔بغدادی پولیس نے خفیہ اطلاع پر لیاری کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گینگ وار شیراز کامریڈ کے کارندے شوکت عرف چیمہ کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے چند روز قبل پولیس اہلکار زاکر کو فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں