ٹارگٹڈ آپریشن پر گورنر کے تحفظات کی خبریں درست نہیں شرجیل میمن

وفاق سندھ سے ناانصافی بند کرے اوراس کے حصے کی بجلی وگیس فراہم کرے


Staff Reporter September 26, 2013
سانحہ پشاور پر سوموٹو ایکشن کے منتظر ہیں، وزیر اطلاعات سندھ، میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گورنر سندھ اچھے انسان ہیں، ان کی واپسی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پرگورنر کے تحفظات اور ان کو مانیٹرنگ کمیٹی کے سربراہ بنائے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، وفاق سندھ کے ساتھ ناانصافی بندکرے اور سندھ کو اس کے حصے کی بجلی اور گیس فراہم کی جائے، ہر ادارے کو اپنے اختیارات میں رہ کر فیصلے کرنے ہوں گے، بلدیاتی انتخابات کا اختیار الیکشن کمیشن کوہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ رواں اسمبلی کے اجلاس کے دوران بڑے پیمانے پر قانون سازی کی گئی ہے۔ عوام کی فلاح وبہبود کے لیے قانون سازی سندھ اسمبلی کا کام ہے اوروہ اپنا کردار ادا کررہی ہے ۔



ایک سوال کے جواب میں انھوںنے کہا کہ گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان کی وطن واپسی خوش آئند ہے اور ہم ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ گورنر سندھ اچھے انسان ہیں، کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی خواہش تھی کہ وہ واپس آئیں تاکہ معاملات مزید بہتری کی جانب جاسکیں۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات پراعلیٰ عدلیہ کی جانب سے ریمارکس کے سوال پر انھوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو سچ بولنا چاہیے اور سچ تو یہ ہے کہ ہر ادارے کو اپنے اختیار میں رہ کر کام کرنا چاہیے، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اختیار اعلیٰ عدلیہ کو نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کو ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اعلیٰ عدلیہ امن وامان، انتخابات اور ہرمسئلے پر سوموٹو ایکشن لیتی ہے لیکن سانحہ پشاور کے بعد سے ہم منتظرہی ہیں۔ جمہوریت کے خلاف دیے جانے والے ریمارکس پرہم افسوس کا اظہارکرتے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔