ارمیلا کشمیریوں سے غیر انسانی سلوک کیخلاف مودی سرکار پر برس پڑیں

کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھاجارہا ہے، ارمیلا ماٹونڈکر

آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے 22 روز ہوگئے ہیں، ارمیلا ماٹونڈکر فوٹوفائل

نامور بالی ووڈ اداکارہ اوربھارتی سیاسی جماعت کانگریس کی رکن ارمیلا ماٹونڈکرمقبوضہ کشمیر کو مکمل لاک ڈاؤن کرنے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرنے پر مودی سرکار پر پھٹ پڑیں۔

اداکارہ ارمیلا ماٹونڈکر نے بھارتی حکومت کی جانب سے گزشتہ 22 روز سے مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال اورکشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک پر مودی سرکار پر برستے ہوئے کہا ہے کہ میرے ساس سُسر کشمیر میں رہتے ہیں اور میرے شوہر مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن کے باعث گزشتہ 22 روزسے اپنے والدین سے بات نہیں کرسکے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ارمیلا ماٹونڈکر کا اسلام قبول کرنے سے متعلق وضاحتی بیان


ارمیلا نے کہا بات صرف آرٹیکل 370 کو منسوخ کیے جانے کی نہیں ہے بلکہ وہاں کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ میرے ساس سُسر شوگر کے مریض ہیں جب کہ انہیں ہائی بلڈ پریشر کا عارضہ بھی لاحق ہے۔

اداکارہ نے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے 22 روز ہوگئے ہیں، نہ میں اور نہ ہی میرے شوہر اپنے والدین سے رابطہ کرسکے ہیں۔ ہمیں کوئی خبر نہیں کہ ان کے گھر میں دوا بھی موجود ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وادی میں لاک ڈاؤن کردیاتھا جو اب بھی جاری ہے، لاک ڈاؤن کے ساتھ ہی وہاں نقل وحرکت محدود اور موبائل فون و انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔
Load Next Story