بلوچستان میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد400 ہوگئی 600 سے زائد زخمی اور درجنوں لاپتہ

زلزلے کے بعد مختلف شدت کے 15 آفٹر شاکس بھی آ چکے ہیں جس سے متاثرینِ زلزلہ میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے


ویب ڈیسک September 26, 2013
زلزلے سے متاثرہ کئی علاقے اب بھی امدادی ٹیموں کی پہنچ سے دور ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 400 ہوگئی یے جبکہ 600 سے زائد زخمی اوردرجنوں لاپتہ ہیں۔

24 ستمبر کا دن عام دنوں جیسا ہی تھا لیکن اس کی شام بلوچستان کے7 اضلاع میں ایسی تباہی لائی کہ سیکڑوں افراد موت کی آغوش میں جاسوئے لیکن اس سے کئی زیادہ افراد اپنے جسموں میں زخم اور دلوں میں اپنوں کے بچھڑ جانے کا غم سہ رہے ہیں اس کے علاوہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں جن کے گھر والوں کو یہ سمجھ نہیں آرہی کہ وہ اپنے لاپتہ افراد کی گمشدگی کا ماتم کریں یا ان کے واپس آنے کی امید پر زندگی کی سانسیں پوری کریں۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے اضلاع آواران، کیچ، خاران، پنجگور اور گوادر زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں تاہم سب سے زیادہ نقصان آواران اور کیچ میں ہوا ہے۔ بلوچستان حکومت نے اب تک 356 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جن میں سے ضلع آواران میں 312 جبکہ کیچ میں 44 افراد جاں بحق ہوئے۔

آواران میں 20 ہزار جبکہ کیچ میں ایک ہزار مکانات یا تو مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں یا انہیں جزوی نقصان پہنچا ہے۔ جس کی وجہ سے لاکھوں افراد کھلے آسمان تلے اپنے روز و شب گزارنے پر مجبور ہیں، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، پاک فوج، بحریہ، ایف سی، لیویز اور دیگر اداروں کے اہلکار زخمیوں کو طبی امداد فراہم کررہے ہیں تاہم شدید زخمیوں کو خضدار، حب، اور کراچی منتقل کیا جارہا ہے تاکہ ان کا مناسب علاج معالجہ کیا جاسکے، متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی، کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی شدید قلت دیکھی جارہی ہے اس کے علاوہ امدادی کیمپوں کی بھی شدید کمی کے باعث ہزاروں افراد بے سروسامانی کے عالم میں ہیں۔

زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی نظام کی تباہی اور سڑکیں نہ ہونے کے باعث سونے پر سہاگے کا کام کیا ہے اور کئی علاقےاب بھی امدادی ٹیموں کی پہنچ سے دور ہیں۔ دوسری جانب اس قیامت خیز زلزلے کے بعد مختلف شدت کے 15 آفٹر شاکس بھی آ چکے ہیں جس سے متاثرینِ زلزلہ میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |