امریکی خاتون اول مشل اوباما سمیت کئی اہم شخصیات کی شناختی تفصیلات ہیک کر لی گئیں

ہیکرز نے ڈیٹا بروکرز کے نیٹ ورک میں گھس کر لاکھوں کی تعداد میں سوشل سیکیورٹی نمبرز بھی چرالئے۔


ویب ڈیسک September 26, 2013
ویب سائٹ پر40 لاکھ امریکیوں کے کوائف تک با آسانی رسائی حاصل کی جاسکتی تھی. فوٹو: وکی پیڈیا

ہیکرز نے امریکا کے ڈیٹا بروکرز کے نیٹ ورک کو ہیک کر کے خاتون اول مشل اوباما سمیت کئی مشہور امریکی شخصیات کی شناختی اور لاکھوں کی تعداد میں سوشل سیکیورٹی نمبرز کی تفصیلات چرالیں۔


غیر ملکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی کی تحقیقات کے مطابق مشہور امریکی شخصیات کے کوائف اور لاکھوں کی تعداد میں سوشل سیکیورٹی نمبرز ایک ویب سائٹ پر فراہم کئے جا رہے تھے جو کہ امریکی ڈیٹا بروکرز کے نیٹ ورک کو ہیک کر کے حاصل کئے گئے،ویب سائٹ پر مشل اوباما کے علاوہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس، بیانس ناولز، جے زیڈ اور ایستھن کچر جیسی مشہور امریکی شخصیات کی تفصیلات فراہم کی گئی تھیں۔ تحقیقات کے ذریعے یہ بات سامنے آئی کہ ویب سائٹ پر 40 لاکھ امریکیوں کے کوائف تک با آسانی رسائی حاصل کی جاسکتی تھی جسے بعد میں بند کرکے بلاک کر دیا گیا۔


ایف بی آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کیس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے فی الحال کسی بھی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی جا سکتیں۔


واضح رہے کہ امریکی صحافی برین کربز نے اپنی ایک رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ ہیکرز نے ڈیٹا بروکرز کے نیٹ ورک کو ہیک کر کے امریکا کی خاتون اول مشل اوباما سمیت مشہور امریکی شخصیات کی اہم شنا ختی معلومات اور لاکھوں سوشل سیکیورٹی نمبرز حاصل کر لئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں