اے ٹی ایم مشین سے کارڈ چرانے اور منہ چڑانے والا ملزم پولیس حراست میں ہلاک

ملزم دوران حراست اوٹ پٹانگ حرکتیں کرتے ہوئے بے ہوش ہوا اور اسپتال لے جاتے ہوئے اس کی موت واقع ہوگئی، پولیس


ویب ڈیسک September 01, 2019
ملزم صلاح الدین نے پکڑے جانے پر خود کو گونگا بہرہ ظاہر کیا فوٹو: فائل

اے ٹی ایم مشین سے کارڈ چرانے اور منہ چڑانے والا ملزم پولیس حراست میں ہلاک ہوگیا۔

چند روز قبل سوشل میڈیا پر فیصل آباد کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک شخص اے ٹی ایم مشین توڑنے کے بعد اس میں موجود ایک کارڈ نکال رہا ہے اور اسی واردات کے دوران وہ شخص جانتے بوجھتے وہاں لگے سی سی ٹی وی کیمرے پر منہ چڑاتا ہے۔

ملزم کی شناخت بعد میں صلاح الدین کے نام سے ہوئی تھی، جو گزشتہ روز رحیم یار خان کے شاہی روڈ پر نجی بینک کے اے ٹی ایم بوتھ میں یہی عمل دہراتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا اور اسے پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا تاہم صلاح الدین ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات پولیس کی حراست میں دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بینک انتظامیہ کی مدعیت میں اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کی جارہی تھی۔ ملزم نے اپنے ہاتھ پر اپنا پورا نام اور پتہ انمٹ سیاہی سے کنندہ کرا رکھا تھا۔ ملزم نے پکڑے جانے پر خود کو گونگا بہرہ ظاہر کیا مگر دوران تفتیش متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا اور مقدمات میں بھی ملوث تھا۔ صلاح الدین حوالات میں اوٹ پٹانگ حرکتیں کر رہا تھا کہ اچانک بے ہوش ہوگیا، صلاح الدین کو شیخ زید اسپتال پہنچایا گیا تاہم اسپتال پہنچنے سے قبل اس کی موت واقع ہو چکی تھی۔

رحیم یار خان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے شیخ زید اسپتال منتقل کرتے ہوئے ورثا کی تلاش شروع کر دی ہے، بظاہر دل کا دورہ معلوم ہوتا ہے، پوسٹ مارٹم کے بعد مرنے کی وجوہات سامنے آسکیں گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں