کراچی میں 8 محرم الحرام سے 3 روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ

انتخابات میں استعمال کئے گئے سی سی ٹی وی کیمروں سے مجالس اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی، اجلاس میں فیصلہ

شکارپور، کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو میں سادہ کپڑوں میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے 8 محرم الحرام کی رات سے یوم عاشور کی رات تک شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں صوبے میں امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا ، جس میں محرم الحرام کے دوران قیام امن اور پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے انعقاد کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔


سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ بڑا ہے، اس لئے ہمیں محرم الحرام میں سیکیورٹی کے انتظامات بہتر کرنے ہوں گے، پچھلے 3 برسوں میں کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا، 2016 میں گھر میں مجالس پر حملہ ہوا جس میں 5 لوگ شہید ہوئے تھے، علاقے کے ایس ایچ او کو پتا ہونا چاہیے کہ اس کے علاقے میں کس گھر میں مجالس ہو رہی ہیں، اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ 8 محرم الحرام کی رات سے یوم عاشور تک کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگادی جائے گی۔ شکارپور، کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو میں سادہ کپڑوں میں سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ عام و ضمنی انتخابات میں استعمال کئے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کو مجالس اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران سیکریٹری داخلہ سندھ نے بتایا کہ محرم الحرام کے بعد 25 ستمبر سے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کراچی میں تین میچ کھیلے گی، جس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم کرکٹ میچز کیلئے بھی زبردست انتظامات کریں گے، ہماری کوششوں سے انٹرنیشل کرکٹ کراچی میں واپس آئی ہے، یہ ہم سب کی مشترکہ کامیابی ہے، پاک فوج، رینجرز، پولیس اور سب سے زیادہ کراچی کے عوام کی وجہ سے شہر میں انٹرنیشل کرکٹ ہورہی ہے۔
Load Next Story