امریکا میں مسلح شخص کی ٹریفک سگنل پر فائرنگ سے 5 افراد ہلاک 21 زخمی

مسلح شخص نے ٹریفک سگنل پر فائرنگ کرکے ٹرک اغوا کیا اور ہائی وے سے گزرنے والے گاڑیوں پر بھی فائرنگ کی

مسلح شخس نے ٹریفک سگنل پر فائرنگ کے بعد ایک ٹرک کو اغوا کرلیا۔ فوٹو : امریکی میڈیا

امریکا میں ایک مسلح شخص نے ٹریفک سگنل پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کےنتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے جب کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر مڈلینڈ میں پیش آیا جہاں مسلح شخص نے سگنل پر رکی ہوئی گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی بعد ازاں ایک پوسٹل ٹرک کو اغوا کرکے اوڈیسا کی ہائی وے پر آگیا اور وہاں بھی گاڑیوں پر فائرنگ کی۔

یہ خبر پڑھیں: امریکی ریاست ٹیکساس کے شاپنگ سینٹر میں فائرنگ سے 20 افراد ہلاک


اوڈیسا پولیس چیف مائیکل گرکیے نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مسلح حملہ آور کو گولی مار ہلاک کردیا گیا ہے، جس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ افسوسناک واقعے میں مجموعی طور پر 5 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں 3 پولیس اہلکار اور ایک شیر خوار بچہ بھی شامل ہے۔ حملے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: امریکی ریاست ٹیکساس کے بعد اوہائیو میں بھی فائرنگ، 9 افراد ہلاک

واضح رہے کہ رواں ماہ کے پہلے اتوار کو ٹیکساس اور اوہائیو میں عوامی مقامات پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 31 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ امریکا میں پے در پے فائرنگ کے واقعات میں عوامی جانوں کے ضیاع کے بعد ملک میں اسلحہ کے فروغ پر پابندی اور قوانین کو سخت کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔

 
Load Next Story