وزیراعظم نوازشریف اور صدر اوباما کی ملاقات 23اکتوبرکو واشنگٹن میں ہوگی وائٹ ہاؤس

نوازشریف اور امریکی صدر کے درمیان ملاقات میں دہشتگردی اورتوا نائی سمیت اہم امورپرتبادلہ کیا جائے گا، ترجمان وائٹ ہاؤس

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری سمیت پاکستان کومستحکم اورخوشحال بنانے کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔فوٹو؛ فائل

وزیر اعظم نواز شریف23 اکتوبر کووائٹ ہاؤس میں امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات، دہشتگردی اور توا نائی سمیت اہم امورپر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔



وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنے نے ملاقات کی تصدیق کر تے ہوئے کہا ہے کہ صدراوباما اور وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری سمیت پاکستان کومستحکم اورخوشحال بنانے کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے، ملاقات کے ذریعے سے دونوں ممالک توانائی کے حوالے سےایک دوسرے کے تحفظات کو دور کرنے کے علاوہ دو طرفہ تعلقات کی بہتری، تجارت، معاشی ترقی، خطے میں استحکام اور دہشتگردی جیسے اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔


دریں اثنا وزیراعظم نوازشریف 29 ستمبرکی اپنے بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ سے بھی نیویارک میں ملاقات متوقع ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری سمیت تجارت اور دہشتگردی کے معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔ واضح رہے کہ 2011 میں امریکی بحریہ کے کمانڈوزکی جانب سے ایبٹ آباد میں خفیہ آپریشن میں اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے اور شمالی وزیرستان میں نیٹو افواج کی گولہ باری سے 24 پاکستانی فوجیوں کی شہادت کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات سرد مہری کا شکارہو گئے تھے۔

Load Next Story