ملکی تاریخ کی سب سے بڑی نمائش ایکسپو پاکستان کا با ضابطہ آغاز

نمائش میں بیرون ممالک تعینات پاکستانی کمرشل قونصلرز بھی اپنے ہمراہ تجارتی وفود لائے تھے


Business Reporter September 27, 2013
غیرملکی خریداروں کی جانب سے پاکستانی مصنوعات کے ساتھ آرٹ اور کلچر میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ فوٹو: اے پی پی

MIAMI: پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے باوجود ایکسپو پاکستان نمائش میں غیرملکی خریداروں کی بڑے پیمانے پر شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ عالمی برادری دہشت گردی سے نبرد آزما پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔

ملکی تاریخ کی سب سے بڑی نمائش ایکسپو پاکستان 2013کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے، نمائش میں چاروں صوبوں کی ثقافت کے ساتھ ٹرک آرٹ، خوبصورتی سے سجائے گئے پاکستانی رکشوں کی نمائش بھی کی جارہی ہے جنہیں ایکسپو سینٹر میں جگہ جگہ سجاوٹ کے لیے استعمال کیا گیا ہے غیرملکی خریدار پاکستانی رکشے میں بیٹھ کر تصاویر کھچوارہے ہیں اور غیرملکی خریداروں کی جانب سے پاکستانی مصنوعات کے ساتھ آرٹ اور کلچر میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ پشاور دھماکے کے بعد یہ توقع کی جارہی تھی کہ شائد بیرون ممالک سے آنے والے وفود اور تاجر وں کی ایکسپو پاکستان میں تعداد کم ہوجائے لیکن دنیا کے تمام ہی ممالک سے شرکت کو کنفرم کرنے والے 70 فیصد سے زائد تاجر اور کمپنیاں نمائش میں شرکت کررہی ہیں۔

جاپان کی27 کمپنیوں کے نمائندوں کا وفد وزارت اکنامی ٹریڈ اینڈانڈسٹری کی قیادت میں 28 ستمبر کو کراچی پہنچ رہا ہے اوریہ وفد29 ستمبر کو ایکسپو سینٹر کا دورہ بھی کریگا جس کے بعد وفد کے اراکین لاہور اور اسلام آباد کے دورے پر روانہ ہوجائیں گے۔ایکسپوپاکستان میں پاکستانی کمپنیوں سمیت جاپان ، ملائیشیا، جنوبی کوریا ، چین، جنوبی افریقہ، برازیل، پولینڈ ،ہانگ کانگ، بنگلہ دیش، لیبیا ، ، سعودی عرب ، ہالینڈ، امریکا، مراکش ، متحدہ عرب امارات بحرین، آذربائیجان ، افغانستان، مصر اور دیگر ممالک کی کمپنیوں نے بھرپور شرکت کی ہے۔



جبکہ پاکستان سے ایف پی سی سی آئی اور کے سی سی آئی کے اسٹالز سمیت آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن ،ٹاولز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ،جیم اینڈجیولری ،پاکستانی انجینئرنگ انڈسٹری سمیت دیگر سیکٹر نے بھی اسٹالز لگائے ہیںغیرملکی وزیٹرز کا بے پناہ رش تھا جبکہ بیرون ممالک سے آئے ہوئے ایگزی بیوٹرزاور وفود نے وزیر مملکت خرم دستگیر سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

نمائش میں بیرون ممالک تعینات پاکستانی کمرشل قونصلرز بھی اپنے ہمراہ تجارتی وفود لائے تھے ایکسپو پاکستان میں اسٹال لگانے والی واہ انڈسٹریز لمٹیڈ کے ایم ڈی محمدرضوان نے بتایا کہ واہ انڈسٹریز نے 2 نئی پستول متعارف کرائی ہیں جن میں 9ایم ایم B-6 اور9ایم ایم ST9 شامل ہے،واہ انڈسٹریز اور ترکی کی اسلحہ بنانے والی کمپنی سرسل معاذ کے مابین جوائنٹ وینچر ہوگیا ہے اور ان دو پستول کی پروڈکشن شروع کردی گئی ہے،اس جوائنٹ وینچر کا مقصد درآمدی اسلحہ کو روکنا اور مقامی مارکیٹ میں معیاری سطح پر تیار کئے گئے اسلحہ کی فروخت کو یقینی بنانا ہے۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالوحید نے بتایا کہ فروٹ اینڈ ویجیٹیبل کے ایک غیرملکی خریدار نے پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا لیکن ایکسپو پاکستان نمائش میں بڑے پیمانے پر غیرملکی خریداروں کی شرکت دیکھ کر ایکسپورٹرز کے خدشات بھی کم ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال بھی پھل اور سبزیوں کے بڑے برآمدی آرڈز ملنے کی توقع ہے اور پہلے روز سے ہی غیرملکی خریدار پاکستانی پھل اور سبزیوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن(جیٹرو)کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمدانیس نے بتایا کہ نمائش میں جیٹروسمیت 14 کمپنیاں شریک ہیں،جیٹرو پاکستان اور جاپان کے درمیان ٹریڈ پروموشن کیلئے کام کررہا ہے، جبکہ پاکستان مین آٹو موبیل سیکٹر میں جاپان کی سرمایہ کاری 33 ارب روپے ہے۔ٹاولز مینوفیکچررز، ایکسپورٹرزایسوسی ایشن کے نومنتخب وائس چیئرمین افتخار احمدملک اور قائمقام چیئرمین علی رضا نے بتایا کہ پاکستانی ٹاولز کی دنیا میں ایک ارب دالر سے زائد کی برآمدات ہے اور ملکی مجموعی برآمدات کا 10 فیصد حصہ ٹاولز سیکٹر کا ہے،اگر ملک میں یوٹیلیٹی،بجلی ،گیس ،امن وامان جیسے گھمبیر مسائل کو دور کیا جائے تو ٹاولز کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں