ملک بھر میں آج سے انسداد اسمگلنگ مہم شروع

ایف بی آرٹیموں کی درآمدی دستاویزات کی چیکنگ شروع، ٹیمیں تشکیل


Irshad Ansari September 02, 2019
ایف بی آرٹیموںکی آج سے درآمدی دستاویزات کی چیکنگ شروع،ٹیمیں تشکیل فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی مشترکہ ٹیمیں آج(پیر) سے ملک بھر سے اسمگل شْدہ اشیاء کے خاتمے کیلیے مارکیٹوں میں موجود غیر ملکی اشیاء کی درآمدی دستاویزات کی چیکنگ شروع کریں گی۔

اس حوالے چیئر مین ایف بی آرکی ہدایت پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں، دوسری طرف اس حوالے چئیرمین ایف بی آر کی جانب سے گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ٹویٹ میں بھی آج سے انسداد اسمگلنگ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، اپنے پیغام میں شبر زیدی نے کہا کہ اسمگلنگ سے ملک کی مقامی مینوفیکچرنگ انڈسٹری متاثر ہوتی ہے اور مقامی سطع پر روزگار اور حکومتی ریونیو بھی متاثر ہوتا ہے لہٰذا ہم سب مل کر سمگل شدہ اشیا کی خریداری روکنے کا عزم کریں۔

دوسری طرف ایف بی آر حکام نے بتایا کہ چئیرمین ایف بی آر کی ہدایت پر آج سے ملک بھر میں سمگلنگ کے خلاف مہم شروع کی جارہی ہے جس کے لیے ڈائریکٹریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جنس اور ڈائریکٹریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو سمیت دیگر حکام پر مشتمل خصوصی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، مشترکہ ٹیمیں آج سے ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں قائم مارکیٹوں کے دورے شروع کریں گی اور مارکیٹوں میں موجود درآمدی اشیاء کی چیکنگ کریں گی، ٹیمیں ڈائریکٹریٹ جنرل کسٹمز اینٹلی جننس اور ڈائریکٹریٹ جنرل اینٹلی جننس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کی جانب سے مشترکہ تشکیل دی جارہی ہیں اور اس بارے ایف بی آرکو آگاہ کیا جارہا ہے۔

اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ممبرکسٹمز آپریشن، ممبر ان لینڈ ریونیوآپریشن، ڈائریکٹر جنرل کسٹمز اینٹلی جننس اینڈ انویسٹی گیشن اور ر ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو سمیت دیگر متعلقہ افسران کو تحریری طور پر آگاہ کیا جاچکا ہے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شبر زیدی کی ہدایت پر چیئرمین ایف بی آر کے اسپیشل اسسٹنٹ زبیر بلال کی جانب سے لکھا جانیوالا دو صفحات پر مشتمل مراسلہ بھی فیلڈ فارمشنز کو بھجوایا جاچکاہے۔

جس کے مطابق ایف بی آر کی متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو آگاہ گیا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پر اقدام اٹھایا جارہا ہے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ ملک کی مارکیٹوں میں سمگل شْدہ اشیاء اور بطور خاص طور پر اشیائے صرف(کنذیومر گْڈز)کی بڑے پیمانے پر دستیابی کی وجہ سے ملکی معیشت انتہائی بری طرح متاثر ہورہی ہے اور خصوصی طور پر ملک میں صنعتی سرگرمیاں بہت زیادہ متاثر ہورہی ہیں لیٹر میں کہا گیاہے کہ ملک سے سمگلنگ کی لعنت کے خاتمہ کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے مختلف اقدامات اٹھارہی ہے اور اس حوالے سے فنانس ایکٹ 2019 میں بھی متعدد موثر شقیں شامل کی گئی ہیں اور ایف بی آر کو اس حوالے سے مضبوط بنانے کیلئے اقدام اٹھائے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔