کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش سے موسم خوشگوار

3 سے 4 روز میں شہر میں ایک اور بارش برسانے والا سسٹم آرہا ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک September 02, 2019
آج اور کل شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

کراچی اور گرد و نواح میں گزشتہ کئی روز سے سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، سمندری ہواؤں کی بندش کے باعث شدید حبس ہے تاہم گزشتہ روز کی طرح آج بھی شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث حبس میں کسی حد تک کمی واقع ہوگئی ہے۔

شہر میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، لانڈھی، صدر، پی ای سی ایچ ایس، سولجر بازار، گارڈن، گلستانِ جوہر اور اطراف میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اور کل شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، 3 سے 4 روز میں شہر میں ایک اور بارش برسانے والا سسٹم آرہا ہے۔

دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم بحیرہ عرب اور بھارتی گجرات پرموجود ہے، سسٹم کی وجہ سے شہرمیں حبس اورشدید گرمی دو دن مزید رہے گی، آنے والا سسٹم بھی خاصہ طاقتور ہوسکتا ہے، رواں سال مون سون سیزن 30 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔

ادھر کے الیکٹرک کے ترجمان نے بارش کے موسم میں عوام سے احتیاط کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ برقی آلات نہ چھوئیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں اور احتیاط برتیں، غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول ہرگز نہ کریں، کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں