کرتارپور راہداری قواعد و ضوابط کے حوالے سے پاک بھارت اجلاس آج ہوگا

میٹنگ میں سکھ یاتریوں کی روزانہ تعداد، انٹری کی اجازت کے طریقہ کار اور انٹری فیس سمیت دیگر نکات پر بات ہوگی


آصف محمود September 03, 2019
میٹنگ میں راہداری کے راستے سکھ یاتریوں کی روزانہ تعداد، انٹری کی اجازت کے طریقہ کار، پل کی تعمیر اور انٹری فیس سمیت دیگر نکات پر بات ہوگی، فوٹو: فائل

ISLAMABAD: کرتارپور راہداری کے حوالے سے قواعد وضوابط اورطریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے لیے پاک بھارت اعلی حکام کی تیسری میٹنگ آج واہگہ اٹاری بارڈر پر بھارتی علاقے میں ہوگی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بدھ کے روز ہونیوالے اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی دفترخارجہ کے ترجمان اور ڈی جی ساؤتھ ایشیا وسارک ڈاکٹرمحمد فیصل کریں گے، اجلاس میں کرتارپور راہداری کے راستے روزانہ کتنے سکھ یاتری پاکستان آسکیں گے یہ تعدادفائنل کی جائیگی، اس کے علاوہ پاکستان سکھ یاتریوں کے لیے انٹری فیس مقررکرنا چاہتا ہے جبکہ بھارت کا وقف ہے کہ انٹری فری ہونی چاہیے۔

دونوں ممالک یاتریوں یاتریوں کی رجسٹریشن آن لائن کرنے پررضامند ہیں تاہم آن لائن درخواست کتنے دن پہلے دینا ہوگی یہ طے ہونا ابھی باقی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان نے کی طرف سے عارضی پل بنائے جانے سمیت دیگر امورپربات چیت ہوگی۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اجلاس کے بعد دونوں ممالک کے نمائندے الگ الگ پریس کانفرنس کریں گے، بھارتی وفد کے سربراہ بھارتی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے پریس کانفرنس کریں گے جبکہ ڈاکٹرمحمد فیصل اجلاس سے واپسی پر واہگہ بارڈرپر اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔