دیواروں پر چڑھنے کے قابل ’’جونک روبوٹ‘‘ بنالیا گیا

یہ کسی جونک کی طرح لچک دار اور خم کھانے کے قابل ہے جبکہ یہ کسی دیوار پر چپک کر چڑھنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے

یہ روبوٹ کسی جونک کی طرح ہے جبکہ کسی دیوار پر چپک کر چڑھنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ (فوٹو: کیمبرج یونیورسٹی)

ISLAMABAD:
جاپانی اور برطانوی انجینئروں نے ایک ایسا انوکھا روبوٹ ایجاد کرلیا ہے جس کا جسم کسی جونک کی طرح لچک دار اور خم کھانے کے قابل ہے جبکہ وہ کسی دیوار پر چپک کر چڑھنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

ایسے روبوٹ کا تصور پہلے پہل تویوہاشی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، جاپان کے ایاتو کناڈا نے پیش کیا جسے انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی کی فومیا ایڈا کے تعاون سے عملی جامہ پہنایا۔ اس روبوٹ کی تفصیلات ریسرچ جرنل ''سافٹ روبوٹکس'' میں شائع ہوئی ہیں جبکہ کیمبرج یونیورسٹی کی جانب سے اس کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے:

https://youtu.be/B_M-zVvODvA


دلچسپی کی بات یہ ہے کہ اس روبوٹ کی تیاری میں ویسا ہی لچک دار اور منقسم (segmented) پائپ استعمال کیا گیا ہے جیسا کہ غسل خانوں میں عام استعمال ہوتا ہے۔ اس کے لچک دار اور بل دار جسم کے آخری سرے پر ایک سکشن کپ لگا ہے جو اسے دیوار سے چپکنے اور تھوڑا تھوڑا کرکے اوپر چڑھنے میں مدد دیتا ہے۔

جونک سے مشابہت کی بنیاد پر اس کے نام کا مخفف بھی ''لیچ'' (LEeCH) رکھا گیا ہے جو ایک ایسے روبوٹ کی طرف اشارہ کرتا ہے جو نہ صرف لچکدار ہو بلکہ ضرورت پڑھنے پر اپنی لمبائی میں اضافے یا کمی کرنے کے قابل بھی ہو اور دیواروں پر بھی چڑھ سکتا ہو۔

ابھی یہ روبوٹ ابتدائی مرحلے پر ہے جسے امدادی کارروائیوں میں استعمال کےلیے مزید بہتر بنانے کا کام جاری ہے۔
Load Next Story