کاروبار میں آسانیاں پیدا ہونے تک معیشت کا پہیہ نہیں چل سکتا وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان سے معروف صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے معروف صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کی ملاقات (فوٹو: فائل)

QUETTA:

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک کاروبار میں آسانیاں پیدا نہیں ہوں گی اُس وقت تک معیشت کا پہیہ نہیں چل سکتا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے معروف صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات نے ملاقات کی۔ پرائم منسٹر آفس میں ہونے والی ملاقات میں میاں محمد منشاء، بشیر علی محمد،علی حبیب، شاہد حسین، خلیل ستار، ثاقب شیرازی، شاہد عبداللہ، طارق سہگل، عارف حبیب، مصدق ذوالقرنین اور سکندر مصطفی و دیگر شامل تھے۔


اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داوٴد، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین اور چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی بھی موجود تھے۔



کاروباری شخصیات نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیا اور معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ ملاقات کے دوران معیشت کی بہتری کے لیے مختلف تجاویز پر تفصیلی گفتگو ہوئی جب کہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اقدامات، نجکاری، محصولات میں اضافہ، ادارہ جاتی اصلاحات پر بات چیت بھی کی گئی۔ ٹیکس نیٹ میں توسیع، سالانہ بجٹ کی تیاری، ہنر مندی اور استعداد کار اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔


وزیراعظم نے وزراء اور مشیران کو تمام تجاویز کا بغور جائزہ لینے اور کاروباری طبقے سے مشاورت جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے کہ کاروبار ی سرگرمیوں کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔


یہ پڑھیں: قرض معاف کرنے کے حقائق کو مسخ کیا جارہا ہے، وزیراعظم


وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب تک کاروبار میں آسانیاں پیدا نہیں ہوں گی اُس وقت تک معیشت کا پہیہ نہیں چل سکتا، ہماری اولین ترجیح روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے جس سے غربت میں کمی آئے گی، کاروباری برادری کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کی روشنی میں پالیسی سازی اور منصوبہ بندی کا عمل موثر طور پر آگے بڑھایا جائے گا۔


عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت معیشت کے تمام شعبوں میں مشاورتی عمل جاری رکھے گی اور کاروباری طبقے سے ملاقاتوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا۔

Load Next Story