حمل ضائع ہونے کے بعد لوگ میرے بڑھتے وزن کا مذاق اڑاتے رہے جگن کاظم

لوگوں کو وزن کی وجہ سے مذاق اڑانے سے روکنے کی ضرورت ہے، اداکارہ


ویب ڈیسک September 03, 2019
جب میں آفس گئی تو مجھے ایک بار پھر یہی باتیں سننے کو ملیں کہ میں حد سے زیادہ موٹی ہوگئی ہوں (فوٹو: فائل)

اداکارہ و میزبان جگن کاظم کا کہنا ہے کہ حمل ضائع ہونےکے بعد لوگ میرے بڑھتے وزن کا مذاق اڑاتے رہے لوگوں کو ایسے عمل سے روکنے کی ضرورت ہے۔

جگن کاظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایک پوسٹ کی جس میں انہوں نے وزن بڑھنے کی وجہ سے مذاق بنانے والوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ روز قبل میں اُمید سے تھی لیکن کچھ وجوہات کی وجہ سے میرا وزن کافی بڑھ گیا تھا لیکن مجھے دکھ اس وقت ہوا جب لوگ میرے بڑھتے وزن کا مذاق اڑانے لگے۔

جگن کاظم نے کہا کہ ایک خاتون نے مجھے کہا کہ 'لگتا ہے لاہور کی ہوا لگ گئی ہے'' اور بہت سی خواتین مختلف رائے دیتے ہوئے مجھے بولتی رہیں کہ میں زیادہ موٹی ہو گئیں ہوں، حالانکہ میں یہ بات اب تک نہیں بتانا چاہ رہی تھی کہ میں اُمید سے تھی اور حمل کے دوران مجھے کافی پیچیدگیاں تھیں۔

[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/B18ScnVBOoF/"]

اداکارہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے میرا حمل ضائع ہو گیا تھا اور ڈاکٹروں نے مجھے بتا دیا تھا کہ میرا یہ کیس بہت حساس تھا کیوں کہ حمل ضائع ہونے کی وجہ سے اندرونی طور پر خون رک نہیں رہا تھا، کچھ روز بعد اس دکھ کی گھڑی اور غم سے باہر آکر میں نے کام کرنا مناسب سمجھا اور جب میں آفس گئی تو مجھے ایک بار پھر یہی باتیں سننے کو ملیں کہ میں حد سے زیادہ موٹی ہوگئی ہوں۔

جگن نے کہا کہ ہمیں لوگوں کو وزن کی وجہ سے مذاق بنانے سے روکنے کی ضرورت ہے کیوں کہ جو لوگ بڑھتے وزن کا شکار ہیں انہیں یہ بات معلوم ہے، اُن کا بڑھتا وزن کیا پتا کسی وجہ سے بڑھا ہو، یہ بات بھی سچ ہے کہ کچھ لوگوں کے طرز زندگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے حوصلہ افزائی کی ضرورت پڑتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں