لاہور:
پاکستانی امپائر اسد رؤف نے بکیز سے تعلقات کے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی ایئر پورٹ پر موجود بیگز میں اولیا اکرام کے مزارات کی چادریں تھیں۔
لاہور میں اپنے وکیل علی ظفر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امپائر اسد رؤف نے کہا کہ ایک پرفیوم کی خریداری کو ایشو بنانا ممبئی پولیس کا ہی کارنامہ ہے، تحائف لینا کوئی جرم نہیں، ممبئی پولیس یہ بیگز عدالت میں کھولے کیونکہ عدالتوں سے انصاف ملنے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان 2 بیگز میں قیمتی گھڑیاں اور زیورات نہیں بلکہ اولیا کرام کے مزارت کی چادریں اور تبرکات تھے لیکن ممبئی پولیس کے بنائے گئے اس اسکینڈل کے باعث آئی سی سی کو ان کا نام چیمپئنز ٹرافی سے ڈراپ کرنا پڑا۔
اسد رؤف کا کہنا تھا کہ اسکینڈل کی وجہ سے بھارت جانے کے حالات نہیں ہیں اسلئے اگر ممبئی پولیس آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ یا پاکستان کے کسی بڑےا دارے سے رابطہ کرے تو وہ ہر ممکن دفاع کے لئے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ممبئی پولیس نے آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں بھی اسد رؤف کے جے پور کے بکیز سنجے اور پون چابرا کے علاوہ اداکار وندو دارا سنگھ سے بھی رابطوں کا الزام لگایا تھا جبکہ یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ سری نواسن کے داماد گرو میپن کو میچ کی معلومات مہیا کرتے تھے۔