پولیو ٹیم کی مبینہ غفلت سے بچی کی ہلاکت سے متعلق رپورٹ طلب

اہل خانہ کی بچی کی ہلاکت کے ذمہ داران کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست

اہل خانہ کی بچی کی ہلاکت کے ذمہ داران کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست فوٹو:فائل

مقامی عدالت نے پولیو ٹیم کی مبینہ غفلت سے ڈھائی سالہ بچی لائبہ کی ہلاکت سے متعلق رپورٹ 7 ستمبر تک فریقین سے طلب کرلی۔

کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے روبرو پولیو ٹیم کی مبینہ غفلت سے ڈھائی سالہ لائبہ کی ہلاکت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

بچی کے اہل خانہ کے وکیل نے بتایا کہ میرے موکل کی بیٹی کو بخار تھا، لیکن پولیو ٹیم نے منع کرنے کے باوجود زبردستی یکے بعد دیگرے 3 انجکشن بچی کو لگادیے، انجکشن لگنے کے بعد لائبہ کی سیدھی ٹانگ نے کام کرنا چھوڑ دیا، ڈاکٹروں کو دکھایا تو انہوں نے ٹانگ بچی کی کاٹنے کی تجویز دی، لیکن ٹانگ کٹنے سے قبل ہی لائبہ جاں بحق ہوگئی۔


اہل خانہ نے اپنی درخواست میں کہا کہ قانون کسی سے زبردستی کی اجازت نہیں دیتا، انکوائری میں اگر پولیو ٹیم کے خلاف الزام ثابت ہوجاتا ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟۔

اہل خانہ نے عدالت سے درخواست کی کہ بچی کی ہلاکت کے ذمہ داران کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے درخواست کی سماعت کے بعد 7 ستمبر تک فریقین سے رپورٹ طلب کرلی۔

واضح رہے کہ 4 جولائی کو تھانہ بوٹ بیسن کی حدود میں انسداد پولیو ٹیم نے لائبہ کو پولیو سے بچاؤ کے تین انجکشن لگائے جس کے بعد وہ جاں بحق ہوگئی۔
Load Next Story