فواد عالم قومی ٹیم میں واپسی کیلیے بدستور پُر اعتماد

امید ہے کہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر قومی اسکواڈ میں ضرور شامل کرلیا جاؤں گا۔نوجوان کرکٹر


Sports Reporter September 28, 2013
اچھی کارکردگی کے باوجود ملک کی نمائندگی کا موقع نہیں مل رہا ہے، نوجوان کرکٹر۔ فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ نہ بنائے جانے پر نوجوان ٹیسٹ بیٹسمین فواد عالم نے انتہائی دکھ اورکرب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں مایوس ہر گز نہیں ہوں۔

امید ہے کہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر قومی اسکواڈ میں ضرور شامل کرلیا جائوں گا، میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے پہلے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرنے کے بعد 17 ماہ تک قومی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے والے فواد عالم کو کرکٹ میں غیر یقینی مستقبل کا سامنا ہے، صرف 3ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر سکنے والے فواد عالم 37.68 کی اوسط سے 27 ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ میچزمیں 603 رنز جوڑ چکے ہیں۔



24 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچوں میں گرین شرٹس میں شامل رہنے والے فواد 2009 میں یونس خان کی قیادت میں انگلینڈ میں ہونے والی آئی سی سی عالمی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کی فاتح قومی ٹیم کے رکن بھی تھے، 28 سالہ فواد عالم کا کہنا ہے کہ مجھے یہ بتانے والا کوئی نہیں کہ مجھے انٹرنیشنل کرکٹ سے کن وجوہات کی بناپر دور رکھا جارہا ہے، پی سی بی کے اس طرز عمل سے مجھے تکلیف پہنچی اور کبھی ختم نہ ہونے والے کرب کا بھی شکار ہوا، ان کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل میں بھی قومی سلیکٹرز نے انفرادی کارکردگی کو مدنظر نہ رکھا تو مایوسی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں