کونسل میں نمائندگی کے بجائے نامزدگیاں پی ایم ڈی سی کا پھر نیا ترمیمی آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ

7 جنوری 2019 کو صدراتی آرڈیننس جاری کیا گیا، مدت 7 ستمبر کو ختم ہو جائیگی۔


Tufail Ahmed September 06, 2019
نئے ترمیمی آرڈیننس میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں سرکاری و پرائیویٹ کالجوں کی نمائندگی یکسر ختم کرنے کی تجویز۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے ایک بار پھر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا نیا ترمیمی آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

7 جنوری 2019 کو جاری کیے جانے والے صدراتی آرڈیننس کی مدت 7 ستمبر کو ختم ہوجائے گی جس کے بعد پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل عملا ًغیرفعال ہو جائے گی جبکہ ملک کے 2 صوبوں پنجاب اور کے پی کے میں سال برائے 2019,20 کیلیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کا عمل شروع کردیا گیا صوبہ سندھ اور بلوچستان میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ 15ستمبر کو ہوگا۔

وفاقی حکومت نے 7جنوری کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا نیا صدارتی آرڈیننس جاری کیاتھا قواعد کے مطابق صدارتی آرڈیننس 120 دن کے اندر سینیٹ سے منظوری کے لیے بھیجا جاتا ہے تاہم اس دوران صدر کے صوابدیدی اختیارات کے تحت مزید120دن کی توسیع کردی گئی لیکن اس کے بعد بھی صدراتی آرڈیننس کی سینیٹ سے منظوری نہیں لی جا سکی۔

قواعد کے مطابق صدارتی آرڈیننس کے240ایام گزرنے کے بعد آرڈیننس از خود ختم ہو جاتا ہے، 7 جنوری 2019کو جاری کیاجانے والا صدراتی آرڈیننس کی مدت 7 ستمبر کوختم ہوجائیگی جس کے بعد کونسل غیر فعال ہوجائیگی ایسی صورت میں وفاقی حکومت نے دوبارہ کونسل کو چلانے اور فعال رکھنے کیلیے نیا ترمیمی صدارتی آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ ستمبر کے وسط تک نیا صدراتی آرڈیننس جاری کردیا جائیگا ، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ نئے ترمیمی آرڈیننس کے تحت کسی بھی پرائیویٹ میڈیکل وڈینٹل کالجوں کے نمائندوں کو کونسل میں شامل نہیں کیاجائے گا اور ایک بار پھرکونسل میں من پسند افراد کی نامزدگیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

ذرائع کا کہناہے کہ اس وقت پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی کمیٹی میں شدید اختیار سامنے آئے ہیں اور کمیٹی کے4ارکان کو فارغ کردیاگیا ہے۔

دوسری جانب کونسل کا آرڈیننس کی مدت بھی ایسے وقت ختم ہورہی ہے جب ملک بھر کے سرکاری وپرائیویٹ میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں داخلوں کا عمل شروع ہورہا ہے جب میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں سال برائے2019,20 کے لیے داخلوں کا عمل شروع ہوگا اس وقت پی ایم ڈی سی غیر فعال ہوگی۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ملک بھر کی سرکاری طبی جامعات وکالجوں کی تعلیم کو مانیٹرکرتی ہے اور طالب علموں کے داخلوں کو بھی مانیٹرکرتی اوران طالب علموں کی رجسٹریشن بھی کرتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے ذریعے غیر معیاری میڈیکل وڈینٹل کالجوں کا الحاق پی ایم ڈی سی سے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا اور میڈیکل شعبے کی تعلیم کو مزید سخت مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں