لیجنڈ اداکارعابد علی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

عابدعلی کو فنی شعبے میں قابل قدر خدمات انجام دینے پر 1985 میں پرائڈ آف پرفامنس سے بھی نوازا گیاتھا

عابد علی جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور تقریباً دو ماہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے ، فوٹوفائل

ISLAMABAD:
پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار عابد علی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

گزشتہ روز 67 برس کی عمر میں انتقال کرنے والے سینئر اداکار عابد علی کی نماز جنازہ اداکردی گئی۔ عابد علی جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور تقریباً دو ماہ سے کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث گزشتہ روز چل بسے۔

مرحوم عابد علی کے آخری دیدار کے لیے ان کی بیٹیاں اداکارہ و ماڈل ایمان علی اور گلوکارہ راحمہ علی سمیت دیگر خواتین مسجد میں موجود تھیں، جب کہ اداکار عمیر لغاری، عجب گل، تنویر جمال اورفہد مصطفیٰ نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: معروف اداکار عابد علی انتقال کرگئے

یاد رہے کہ آج صبح عابد علی کی بیٹی راحمہ علی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے عابد علی کی دوسری بیوی اوراپنی سوتیلی والدہ رابعہ نورین پر الزام لگایا تھا کہ رابعہ ان کے والد کی میت بغیر کسی کو بتائے اپنے ساتھ لے گئی ہیں اور انہیں یہ تک نہیں معلوم کہ ان کے والد کی نماز جنازہ کہاں ہوگی۔ بعد ازاں یہ ویڈیو چند نامناسب تبصروں کے باعث ہٹادی گئی تھی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عابد علی جیسا فنکار صدیوں میں پیدا ہوتا ہے، رضامراد

واضح رہے کہ 29 مارچ 1952 میں کوئٹہ میں پیدا ہونے والے عابد علی نے اپنے فنی کیریئر میں ''خواہش'' ، ''دشت'' ،''دوسرا آسمان''، ''وارث''، ''دیار دل'' اور''مہندی'' جیسے مشہور ڈراموں میں کام کیا۔ انہوں نے فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ آخری بار وہ فلم ''ہیر مان جا'' میں نظر آئے تھے۔ عابد علی کو لا جواب اداکاری اور فنی شعبے میں قابل قدر خدمات انجام دینے پر صدر پاکستان کی جانب سے1985 میں پرائڈ آف پرفامنس سے بھی نوازا گیا تھا۔
Load Next Story