74 سالہ بھارتی خاتون کے ہاں جڑواں بیٹیوں کی ولادت

شادی کو 56 سال گزر جانے کے باوجود یہ خاتون بے اولاد تھیں


ویب ڈیسک September 06, 2019
منگیاما دیوی کی شادی 1962 میں سیتارام راجاراؤ سے ہوئی لیکن یہ جوڑا بے اولاد رہا۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

بھارتی ریاست آندھرا پردیش کی 74 سالہ خاتون منگیاما دیوی نے آئی وی ایف یعنی ٹیسٹ ٹیوب بے بی تکنیک کے ذریعے دو جڑواں بیٹیوں کو جنم دیا ہے اور اس طرح وہ سب سے بڑی عمر میں ماں بننے والی خاتون بھی بن گئی ہیں۔ اس سے پہلے 2016 میں بھارت ہی کی ایک اور خاتون دلجندر کور نے 72 سال کی عمر میں ٹیسٹ ٹیوب بے بی تکنیک کے ذریعے ایک بیٹے کو جنم دے کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

منگیاما دیوی کی شادی 1962 میں سیتارام راجاراؤ سے ہوئی لیکن یہ جوڑا بے اولاد رہا جس پر منگیاما اور ان کے شوہر کو ہر طرف سے طعنوں کا نشانہ بننا پڑا؛ یہاں تک کہ انہیں منحوس اور ''شاپت'' جیسے القابات سے بھی نوازا گیا۔ انہوں نے ہر طرح کا علاج کروایا لیکن کوئی افاقہ نہ ہوا۔ اس کے باوجود، منگیاما میں ماں بننے کی خواہش کم نہ ہوئی، یہاں تک کہ انہوں نے پچھلے سال اپنی ایک 55 سالہ پڑوسن کو آئی وی ایف کے ذریعے ماں بنتے دیکھا۔ اس پر انہوں نے بھی ماں بننے کی خواہش کی تکمیل کےلیے تولیدی کلینک (فرٹیلیٹی کلینک) سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔

ڈاکٹروں نے پہلے تو انہیں سمجھایا کہ ان کی عمر بہت زیادہ ہے اور اس عمر میں حاملہ ہونا ان کےلیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے لیکن وہ اپنی ضد پر اڑی رہیں۔ آخرکار ڈاکٹروں نے بھی ہتھیار ڈال دیئے اور حمل ٹھہرانے سے قبل ان کا طبّی معائنہ شروع کردیا گیا۔ خوش قسمتی سے نہ تو انہیں ذیابیطس تھی اور نہ ہی وہ بلڈ پریشر کی مریضہ تھیں۔ حیرت انگیز طور پر انہیں آئی وی ایف تکنیک سے کی گئی پہلی ہی کوشش میں کامیابی سے حمل ٹھہر گیا۔



اس کے بعد ڈاکٹروں نے ہر مرحلے پر انہیں مشاہدے میں رکھا، یہاں تک کہ زچگی کا مرحلہ بھی خیریت سے مکمل ہوگیا اور کچھ روز پہلے ان کے یہاں دو صحت مند جڑواں بیٹیوں کی ولادت بھی بخیر و عافیت ہوگئی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ماں اور بچیاں صحت مند ہیں اور انہیں کوئی پریشانی نہیں۔ البتہ صرف احتیاط اور مشاہدے کی غرض سے انہیں کچھ دن کلینک ہی میں ٹھہرنا پڑے گا۔

اگرچہ اس خبر پر بیشتر لوگوں نے منگیاما کے جذبے کی تعریف کی ہے لیکن بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ اتنی عمر میں پیدا ہونے والے بچوں کا مستقبل تشویشناک ہوگا۔ کیا ان بچیوں کے جوان ہونے تک منگیاما اور ان کے شوہر زندہ رہ پائیں گے؟ یہ اور ایسی بہت سی باتیں کی جارہی ہیں۔

ان تمام اعتراضات کے باوجود، منگیاما اپنے ہاں بیٹیوں کی پیدائش پر بہت خوش ہیں، اور ان کا خیال رکھنے کےلیے پر عزم بھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں