ایفیڈرین منشیات ہے تو نوٹیفکیشن پیش کیا جائے عدالت فیصلہ محفوظ پیر کو سنائے جانے کا امکان

کوٹا حاصل کرنا کوئی جرم نہیں، اگر استعمال غلط ہواہے توثبوت پیش کیا جائے ،عدالت

ایفی ڈرین کوٹا حاصل کرناتوکوئی جرم نہیںاگراس کااستعمال غلط ہوا ہے توثبوت پیش کیا جائے،عدالت۔ فوٹو: فائل

انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج ارشدمحمودتبسم نے سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین،سابق ارکان قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی،حنیف عباسی سمیت19ملزمان کے خلاف ایفی ڈرین کوٹا الاٹمنٹ واسمگلنگ کیس کی سماعت11اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔

دونوں کیسوں میں نئے چالان پیش کیے جانے کے تفتیشی افسرایس ایس پی عابد ذوالفقارکے بیان کے باعث کیسوںمیں کوئی کارروائی نہیںہوسکی، آئندہ تاریخ تک عدالت نے ہرصورت چالان پیش کرنے کا حکم دیاجبکہ ایفی ڈرین منشیات نہ ہونے کی بنیاد پرکیس خارج کرنے اوردائرہ اختیارسماعت کی درخواستوں پر سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیاگیاجو پیر 30 ستمبر کو سنایا جائے گا،دوران سماعت عدالت نے اے این ایف کی ٹیم سے استفسارکیاکہ''کیا ایفی ڈرین منشیات ہے؟اگرہے تو اس کانوٹیفکیشن پیش کیا جائے ؟ جس پرپراسیکیوٹرکاموقف تھاکہ اس کانوٹیفکیشن نہیں، عدالت نے استفسارکیاایفی ڈرین پرمنشیات کی دفعہ 9 سی لگ سکتی ہے؟کیا یہ کنٹرول سبسٹانس میںآتی ہے؟

وکیل صفائی عبدالرشیدنے کہاکہ ایفی ڈرین نشہ آور نہیں نہ ہی اس سے منشیات بن سکتی ہے اورنہ ہی آج تک حکومت پاکستان نے ایفی ڈرین کومنشیات قراردیاہے اس لیے ایفی ڈرین پرنائن سی کی دفعہ نہیں لگ سکتی، عدالت نے کہاکہ ایفی ڈرین کوٹا حاصل کرناتوکوئی جرم نہیںاگراس کااستعمال غلط ہوا ہے توثبوت پیش کیا جائے،اگراسمگل ہوئی ہے تواسمگلرکہاںہے،برآمدگی کہاںہے؟عدالت نے اے این ایف سے استفسار کیا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیاکہ اسلام آبادکی حدودکے تمام کیسز اسلام آبادعدالت ٹرانسفر کرنیکاحکم دیاہے، میں کیوںنہ یہ کیس اسلام آبادبھیج دوں۔




اے این ایف پراسیکیوٹر کاموقف تھاکہ وزارت قانون نے اس بابت کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا،چیف جسٹس کاحکم عدالتی حکم نہیںبلکہ ایڈمنسٹریٹوحکم ہے، آپ (عدالت)وزارت قانون کی ہدایت کے مطابق چلیں گے،عدالت نے قراردیاکہ وہ چیف جسٹس کے ایڈمنسٹر یٹوحکم پر عملدرآمدکے بھی قانونی طور پرپابند ہیں،ملزمان عدالت موجودتھے،ان کیخلاف اثاثہ جات کیس کی سماعت بھی 11 اکتوبرتک ملتوی کردی گئی۔

ادھراینٹی نارکوٹکس فورس کی تفتیشی ٹیم نے ایفی ڈرین کوٹا الاٹمنٹ واسمگلنگ کیس میںراولپنڈی،اسلام آباد کے 24 بڑے دوائوں کے ڈیلرز اور دکانداروں کو نوٹس جاری کرکے ایفی ڈرین کا کوٹا حاصل کرکے اس کی دوائیں بنانے والی فارماسیوٹیکل کمپنیوںکیخلاف قرآن پاک پربیان حلفی طلب کرلیے ہیں جبکہ 2 گرفتار ڈیلرز محمد باسط اور احمد بلال نے سابق ایم این اے کی کمپنی گریس فارما کیخلاف وعدہ معاف گواہ بننے سے انکار کرتے ہوئے تحریری بیان دیدیاہے کہ انھوںنے گریس فارماکے مالک سے ایفی ڈرین سے بنی دوائوں کے 50,50 کارٹن حاصل کرکے مارکیٹ میںسپلائی کیے، گرفتار داناس فارماسیوٹیکل کمپنی کے ڈائریکٹر کرنل(ر) طاہر الودود سے وعدہ معاف گواہ بنانے کیلیے تفتیش مکمل کر لی گئی ہے،ان کاآئندہ 2روز میں مجسٹریٹ کی عدالت میںبطوروعدہ معاف گواہ بیان ریکارڈکرائے جانے کاامکان ہے۔
Load Next Story