وزیر خارجہ کا یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق سے رابطہ

یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی ایمن گلیمور کا مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار


ویب ڈیسک September 06, 2019
بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں ایک نئے انسانی المیے کی نشاندہی کر رہی ہیں، شاہ محمود قریشی (فوٹو: فائل)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق ایمن گلیمور کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق ایمن گلیمور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ 5 اگست سے مسلسل بدترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں، مسلسل کرفیو کے سبب، نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، جموں و کشمیر میں صورتحال اس قدر تشویش ناک ہے کہ انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک تک میسر نہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے یک طرفہ ،غیر آئینی اقدامات، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں، بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں ایک نئے انسانی المیے کی نشاندہی کر رہی ہیں۔

یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی ایمن گلیمور نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں