مایہ ناز ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

پاکستان ایک عظیم کھلاڑی اور انسان سے محروم ہوگیا ہے، آرمی چیف کا اظہارتعزیت


September 06, 2019
عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال لے جایا گیا لیکن دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا، بیٹا سلمان قادر۔ فوٹو:فائل

BEIRUT: مایہ ناز ٹیسٹ کرکٹر اور گگلی کے مؤجد عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر اور مایہ ناز اسپنر عبدالقادر حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے، ان کے بیٹے سلمان قادر نے ان کی موت کی تصدیق کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے سلمان قادر نے بتایا کہ والد کو دل کا دورہ پڑا اور انہیں فوری اسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔ سلمان قادر کا کہنا تھا کہ والد نے ہمیشہ حق سچ کی بات کی، کرکٹ اور کرکٹرز کے لئے آواز اٹھانے والے کی آواز ہمیشہ کے لئے بند ہو گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر کے انتقال پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور غمزدہ خاندان کے لئے صبر کی دعا کی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم کھلاڑی اور انسان سے محروم ہوگیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ٹیسٹ کرکٹر عبد القادر کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالقادر کی اچانک وفات کا سن کر دکھ ہوا، وہ لیجنڈری کرکٹر اور بہترین انسان تھے، پاکستان کرکٹ میں ان خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر 1977 سے 1990 تک کے اپنے دور کرکٹ میں پاکستان کی کئی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 104 ایک روزہ میچز میں 132 اور 67 ٹیسٹ میچز میں 236 وکٹیں حاصل کیں، انہیں گگلی کا مؤجد بھی کہا جاتا ہے اور معروف آسٹریلوی اسپنر شین وارن انہیں اپنا استاد مانتے تھے، عبدالقار پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں