مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام کی بندش فی الفور ختم کی جائے بھارت کو امریکی تنبیہ

مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام پر مسلسل پابندیوں پر تشویش ہے، امریکی ترجمان وزارت خارجہ

بھارت مقبوضہ کشمیر میں ٹیلی فون، موبائل اور نیٹ پر عائد پابندی کو فی الفور ختم کرے۔ ترجمان وزارت خارجہ (فوٹو : فائل)

امریکا نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام اور معلومات کے تبادلے پر عائد پابندیوں کو فی الفور ہٹائے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان مورگن آرٹاگس نے میڈیا سے گفتگو میں مقبوضہ کشمیر میں کشیدہ صورت حال ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور میڈیا بلیک آؤٹ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان مورگن آرٹاگس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ سے عائد موبائل فون اور نیٹ ورک پر پابندی پر شدید تشویش ہے، بھارت کو متنبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائے اور مواصلاتی نظام کو فی الفور بحال کیا جائے۔


مورگن آرٹاگس نے مزید کہا کہ ٹیلی فون، موبائل اور نیٹ سروسز پر پابندی کے باعث معلومات کے تبادلوں میں مشکلات کا سامنا ہے اور وادی کا پوری دنیا سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے جو آزادی اظہار رائے کے بنیادی انسانی حق کی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے کرفیونافذ ہے اور مواصلاتی نظام معطل ہے، وادی بھر میں ٹیلی فون، موبائل ونیٹ سروسزبند ہیں جس کے باعث دنیا بھر سے کشمیر کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

 
Load Next Story