غنی حکومت اور طالبان کے مابین بات چیت کیلیے کوشش جاری

افغان حکومت اورطالبان کے مابین مذاکرات کیلیے پاکستان نے ’تعاون‘ پر آمادگی ظاہرکردی

افغان حکومت اورطالبان کے مابین مذاکرات کیلیے پاکستان نے ’تعاون‘ پر آمادگی ظاہرکردی۔ فوٹو:فائل

افغان حکومت، طالبان سمیت تمام فریقوں کے درمیان 'مشترکہ نشست' میں مذاکرات کے آغاز کیلیے پاکستان نے 'تعاون' پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

افغان مفاہمی عمل کو کامیاب بنانے کیلیے'مذاکرات' کے اگلے2مراحل ہوںگے۔ ایک مرحلہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان بات چیت اور دوسرا مرحلہ افغانستان میں موجود تمام فریقوں کے درمیان 'مذاکرات' ہیں۔

مذاکراتی امور سے منسلک حلقوں کی کوشش ہے کہ امریکا اور افغان طالبان میں امن معاہدے کے بعد فوری طورپر اشرف غنی حکومت اور طالبان کے مابین بات چیت کا آغاز ہوجائے۔ مذاکراتی حلقے امید کررہے ہیں کہ فریقین میں رابطے جلد ہوجائیں گے اور اس حوالے سے مختلف ذرائع سے کوشش بھی کی جارہی ہے۔

سفارتی حلقے سمجھتے ہیں کہ امریکا اور طالبان کے مذاکرات کے بعد مفاہمتی عمل کی کامیابی کے لیے افغان حکومت اور طالبان کے مابین بات چیت کی نشست کامیاب ہو تاکہ اس معاملے کے بعد افٖغانستان میں موجود تمام فریقوں کے درمیان ''مشترکہ نشست'' میں بات چیت کا آغاز کرسکیں۔


اس کوشش کا مقصد یہ ہے کہ امریکی افواج کے انخلا کے علاوہ افغانستان میں امن وامان کے مکمل قیام کے ساتھ ایک مضبوط حکومت نظام کی تشکیل ہوسکے۔ مذاکراتی عمل کے آئندہ مراحل کے لیے وقت اور مقام کا انتخاب فریقین کے درمیان رابطوں میں مثبت پیش رفت ہونے کے بعد ہوگا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ میں ملاقاتوں کے درمیان افغان مفاہمتی عمل کے ساتھ ساتھ امریکا اور افغان طالبان کے مابین جاری مذاکراتی عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ تینوں ممالک کے حکام سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں امن کے لیے تمام فریقوںن میں مذاکرات فوری شروع ہونے چاہئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مفاہمتی عمل کی کامیابی کیلیے تمام فریقوں کے درمیان مذاکرات کا آغاز اورسیز فائز کو ممکن بنایا جائے۔ اشرف غنی حکومت بھی تمام فریقوں کے درمیان مذاکرات کا آغاز چاہتی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان سے مزید تعاون کے لیے رابطے ہوئے ہیں۔

پاکستانی حکام نے افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی کیلیے اپنی قومی سلامتی کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید'' تعاون '' کیلیے گرین سگنل دیاہے۔ اس معاملے میں چین بھی اپنا تعاون جاری رکھے گا ۔ان اقدامات کا مقصد خطے میں پائیدار امن عمل کو یقینی بنانا ہے۔

واضح رہے کہ افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی کیلیے پاکستان کا کلید ی کردار ہے ۔اس لیے پاکستانی حکام افغانستان میں قیام امن کے لیے مفاہمتی عمل کو کامیاب بنانے کیلیے تعاون کررہے ہیں۔
Load Next Story