دورِ جدید کا ’ فرعون‘

برازیلی بزنس مین نے اگلے جنم میں چلانے کے لیے قیمتی گاڑی دفن کردی۔


عبدالریحان September 28, 2013
فراعنہ مصر کی طرح برازیل کا کروڑ پتی بزنس مین بھی مرنے کے بعد دوبارہ جی اٹھنے اور دنیا میں پھر سے ایک نئی زندگی کے آغاز پر ایمان رکھتا ہے۔ فوٹو : فائل

قدیم مصری لوگ مرنے کے بعد دوبارہ جی اٹھنے پر یقین رکھتے تھے۔ حیات بعد از موت پر یقین مسلمانوں کے ایمان کا بھی حصہ ہے۔

ہندومت میں بھی آواگون کا نظریہ پایا جاتا ہے مگر فراعنہ مصر میں حیات بعد از موت کا تصور اس لحاظ سے مختلف تھا کہ وہ سمجھتے تھے مرنے کے بعد جب دوبارہ زندہ ہوں گے تو اپنی زندگی اسی طرح گزار سکیں گے جیسی کہ اب دنیا میں گزار رہے ہیں۔ اسی لیے فراعنہ مصر اپنی زندگی میں اپنے جو مقبرے یا اہرام تعمیر کرواتے تھے ان میں زروجواہر کے ساتھ ساتھ وہ تمام اشیاء بھی رکھوادیتے تھے جنھیں وہ اپنے دوسرے جیون کے لیے ضروری خیال کرتے تھے۔

فراعنہ مصر، ان کے نظریات و روایات تاریخ کا حصہ بن چکیں تاہم ایک برازیلی دولت مند اس تاریخ کو دہرانے کے لیے پُرعزم ہے۔ فراعنہ مصر کی طرح وہ بھی مرنے کے بعد دوبارہ جی اٹھنے اور دنیا میں پھر سے ایک نئی زندگی کے آغاز پر ایمان رکھتا ہے۔ چند روز قبل برازیل کے شہر ساؤ پالو کے کروڑ پتی بزنس مین Count Chiquinho Scarpa نے فیس بُک پر ایک تصویر جاری کی تھی جس میں وہ ہاتھ میں بیلچہ لیے ایک بڑے گڑھے کے پاس کھڑا ہوا نظر آرہا تھا جب کہ پس منظر میں اس کی قیمتی لیموزین کار دکھائی دے رہی تھی۔



62 سالہ کاؤنٹ اسکارپا نے اپنے فیس بک پیج پر اس تصویر کی تفصیل بتاتے ہوئے لکھا تھا کہ اس نے فراعنہ مصر کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسی لیے وہ اپنی پانچ لاکھ ڈالر مالیت کی گاڑی کو اپنے گھر کے باغیچے میں دفن کر رہا ہے۔ کاؤنٹ اسکارپا کے اس فیصلے نے فیس بک پر ہزاروں '' likes'' اور '' shares'' حاصل کیے، اور بالآخر عالمی میڈیا کی توجہ بھی اس کی جانب مبذول ہوگئی۔

اسے ایک ٹی وی شو میں مدعو کیا گیا۔ شو میں اپنے انوکھے فیصلے کی وجہ بیان کرتے ہوئے اسکارپا نے کہا،'' میں مصر کے فراعنہ کے بارے میں ایک دستاویزی فلم دیکھ رہا تھا جو مجھے بہت دل چسپ لگی، بالخصوص ان کی یہ روایت مجھے بے حد پسند آئی کہ وہ ' دوسری بار' آرام دہ اور پرسکون زندگی گزارنے کے لیے اپنی ساری دولت اپنے ساتھ دفن کرلیتے تھے۔''

کاؤنٹ اسکارپا ساؤ پالو کے پوش ترین علاقے میں چودہ ہزار مربع میٹر پر پھیلی محل نما رہائش گاہ میں رہتا ہے۔ اس نے شراب سازی اور کان کنی کی صنعتوں سے بے پناہ دولت کمائی اور ان دنوں وہ ایک انوسٹمنٹ کمپنی چلارہا ہے۔ اگرچہ اسکارپا نے دو شادیاں کی ہیں مگر اس کی کوئی اولاد نہیں ہے۔ اس نے ایک توتی پال رکھی ہے جسے وہ اپنی بیٹی کہتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں